انڈر19ورلڈکپ میں ناقص کھیلمیانداد کی زیرسربراہی کمیٹی تحقیقات کریگی

زمبابوے سے سیریز آئندہ برس ہی ہوسکے گی، چیف آپریٹنگ آفیسر


Sports Reporter September 04, 2012
چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ کمیٹی کے ارکان کھلاڑیوں،کوچ اور منیجر سے بات چیت کرکے اپنی رپورٹ بورڈ کے پاس جمع کرائیں گے. فوٹو : فائل

انڈر19ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی بدترین شکست کی تحقیقات کیلیے پی سی بی نے جاوید میانداد کی زیرسربراہی کمیٹی قائم کر دی۔

اس کے ارکان کھلاڑیوں،کوچ اور منیجر سے بات چیت کرکے اپنی رپورٹ بورڈ کے پاس جمع کرائیں گے جس کی روشنی میں مستقبل کیلیے کوئی فیصلہ کیا جائے گا، اس کا انکشاف پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر کی الزام تراشی کا نوٹس لے کر ان سے جواب طلب کیا تھا جس کا تاحال انتظار ہے، ہمارے وکلا بھی اس حوالے سے کام کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ دورئہ زمبابوے کے التوا کی وجہ پاکستان کی بھارت سے سیریز ہے، ہم اس حوالے سے میزبان بورڈ کو آگاہ کر چکے ہیں، اب یہ سیریز آئندہ برس ہی ہو سکے گی۔

یاد رہے ''ایکسپریس'' 29 اگست کی اشاعت میں ہی دورئہ زمبابوے ملتوی ہونے کا انکشاف کر چکا تھا۔ سبحان احمد نے کہا کہ بھارت کے ساتھ 3ون ڈے اور2 ٹوئنٹی 20 میچزکی سیریز فائنل ہو چکی،قومی ٹیم رواں برس کے اختتام میں پڑوسی ملک کا دورہ کرے گی۔

دریں اثنا سری لنکا میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ کی تقریب رونمائی کر دی گئی، سبز رنگ کی شرٹ میں چھوٹے چھوٹے چاند ستاروں کے ساتھ شولڈر پر پاکستانی پرچم بنایا گیا ہے، پی سی بی کے سی او او نے کہا کہ نئی کٹ موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہے، انھوں نے میگا ایونٹ کیلیے قومی ٹیم کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایشیائی کنڈیشنز میں ہمارا کھلاڑی تمام حریفوں کیلیے خطرہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں