محرم الحرام گلی گلی حلیم پکانے کی تیاری شروع دیگوں کی قلت

دیگوں کا یومیہ کرایہ 1200 سے 1500 روپے تک پہنچ گیا، 9محرم کو18 لاکھ سے زائد حلیم کی دیگیں تیار ہوں گی

نذر ونیاز کی تیاری کے لیے ڈیکوریشن کی دکان پر دیگیں کرائے کے لیے رکھی جارہی ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی میں امن وامان کی ناقص صورت حال اور مہنگائی کے باوجود محرم الحرام میں نذر ونیاز کا سلسلہ بڑھ گیاہے ۔

شہر میں نذرو نیاز کے حوالے سے حلیم کی تیاری کے لیے پکوان سینٹرز کے مالکان نے پیشگی بکنگ بند کردی، شہری بھی ازخود 9 محرم کی شب نیاز حسین ؓ کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر حلیم تیار کرکے غربا اور مساکین میں تقسیم کریں گے، حلیم کی بڑے پیمانے پر تیاری کے باعث شہر میں دیگوںکی قلت ہوگئی ،دیگوں کا یومیہ کرایہ 750 روپے سے بڑھ کر1200 سے1500 روپے تک پہنچ گیا، 9 محرم کی شب 18 لاکھ سے زائد حلیم کی دیگیں مختلف علاقوں اور پکوان سینٹرز پر تیار کی جائیں گی، جو 10 محرم کی علی الصباح تقسیم ہوں گی، ایکسپریس کے محرم الحرام میں نذرو نیاز کے حوالے سے سروے کے دوران لیاقت آباد میں واقع الاحمد ڈیکوریشن کے مالک محمد سلمان احمد نے بتایا کہ محرم الحرام میں نذرو نیاز کا سلسلہ یکم محرم سے شروع ہوجاتا ہے جو 28 صفر تک جاری رہتا ہے، انھوں نے بتایا کہ کراچی میں گزشتہ کئی برسوں سے امن وامان کی صورت خراب ہے اورمہنگائی میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا، اس صورت حال کے باوجود شہر میں نذرو نیاز کے سلسلے میں کمی واقع نہیں ہوئی،یہ سلسلہ کم ہونے کے بجائے بڑھ رہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ محرم الحرام میں نیاز کے موقع پر حلیم سب سے زیادہ تیار کیا جاتا ہے اور حلیم کی تیاری کے آرڈرز میں اضافہ ہوا، دیگوں کی قلت ہوگئی ڈیکوریشن مالکان کو دیگوں کا آرڈرز پورا کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، حلیم کی دیگوں کی کھپت کو پور اکرنے کے لیے 4 سے 5 لاکھ دیگیں گوجرانوالہ سے منگوائی گئی ہیں، یہ دیگیں بھی کم پڑ گئیں، کراچی میں اس وقت ڈیکوریشن کی 12 ہزار سے زائد دکانیں ہیں جن کے پاس 15 سے 16 لاکھ دیگیں موجود ہیں۔




آرڈرز زیادہ ہونے کے باعث شہریوں کیلیے دیگوں کا حصول مشکل ہوگیا جس کی وجہ سے دیگوں کا یومیہ کرایہ 750 روپے سے بڑھ کر 1200 سے 1500 روپے تک پہنچ گیا ، انھوںنے بتایا کہ حلیم کو گھوٹنے کیلیے استعمال ہونیوالے لکڑی کے گھوٹے کی قیمت 150 سے بڑھ کر 200 تک پہنچ گئی،اس کا یومیہ کرایہ 80 روپے سے بڑھ کر 120 تک پہنچ گیا، حلیم کی تیاری میں استعمال ہونے والے کفگیر( لوہے کا بڑا چمچہ) کی قیمت بھی 600 سے بڑھ کر 750 روپے تک ہوگئی۔

یومیہ کرایہ 100 روپے سے بڑھ کر 150 روپے ہو گیا، حلیم کی تیاری کے دوران استعمال ہونے والے لوہے کے ٹب کی قیمت بھی 2200 روپے سے بڑھ کر 2500 اور یومیہ کرایہ 100سے بڑھ کر 150 روپے ہوگیا،حلیم کی تیاری میں استعمال ہونے والے لوہے کے چولہے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا، یہ چولہا 250 روپے سے بڑھ کر 350 روپے کا ہوگیا ، اس کا یومیہ کرایہ 120 روپے ہوگیا ہے، 9 محرم کی شب نیاز حسینؓ کے سلسلے میں 18 لاکھ سے زائد حلیم کی دیگیں تیار کی جائیں گی، ایک اندازے کے مطابق یکم محرم سے 28 صفر تک 35 لاکھ سے زائد حلیم کی دیگیں تیار کی جاتی ہیں، حلیم تیار کرنے والے حسام پکوان سینٹر کے مالک محمد اسلم نے بتایا کہ مہنگائی کے باوجود شہریوں میں نیاز حسینؓ کے حوالے سے حلیم کی تیاری کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے،کھپت میں اضافے کے باعث محرم میں 10 کلو حلیم کی تیار دیگ کی قیمت 5 ہزار سے بڑھ کر 8 ہزار تک پہنچ گئی، نیاز حسینؓ کے لیے بریانی کے آرڈرز میں 70 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ،انھوں نے بتایا کہ حلیم کی تیاری کے بڑے پکوان سینٹرز اسلم روڈ ، لیاقت آباد ، فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال ، کھارادر ، ملیر ،کورنگی اور دیگر علاقوں میں واقع ہیں
Load Next Story