ایم اے جناح روڈ آج سے عاشورہ تک بند رہے گی

گھروں پر مہمانوں کی آمد پر پابندی، مکینوں کو جلوس گزرنے کے دوران عمارتوں کی بالکونیوں میں کھڑے نہ ہونے کی ہدایت۔


Staff Reporter November 13, 2013
30ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات ،جلوسوں کی نگرانی کے لیے 1250سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے،فضائی نگرانی کیلیے3ہیلی کاپٹرتیار فوٹو : ایکسپریس / فائل

کراچی میں یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے تحت جلوس کے مرکزی راستے ایم اے جناح روڈ کوآج بدھ شب 11بجے مکمل طور سیل کردیا جائے گا۔

تمام اطراف کے راستوں اور گلیوں کوکنٹینر لگا کر بند کرنے کے ساتھ تمام مارکیٹوں میں واقع دکانوں کو سیل کردیا جائے گا ، یہ شاہراہ 10محرم کی رات 12 بجے تک بند رہے گی، پولیس نے جلوسوں کے ذیلی راستوں کو سیل کرنے کیلیے کنٹینرز رکھنا شروع کردیے ہیں، منگل کو صدر ، ریگل چوک ،ایم اے جناح روڈ ،نمائش ،بولٹن مارکیٹ ،کھاردار سمیت اہم مقامات پر 150سے زائد کنٹینرز رکھے گئے ہیں ،جلوس کے راستے میں آنے والی تمام رہائشی عمارتوں کے مکینوں کی تفصیلات پولیس نے حاصل کرلیں، مکینوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ 8سے 10محرم تک اپنے گھروں میں کسی رشتے دار یا غیر متعلقہ شخص کو قیام کرنے کی اجازت نہ دیں، جلوس کے دوران فلیٹوں کی بالکونیوں میں کھڑے نہ ہوں ، شہر بھر میں 9اور 10محرم کے جلوسوں کی نگرانی 1250سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی جائے گی ۔

محرم الحرام پرشہرمیں12ہزار سے زائد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے تعینات کیا جائے گا، شہر بھر میں 30ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز کے اہلکار 9اور 10 محرم کو سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے، محرم الحرام میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس اور رینجرز کے500 کمانڈوز پر مشتمل کوئیک رسپانس فورس بھی کام کرے گی ، یہ رسپانس فورس مرکزی جلوس اور حساس علاقوں میں تعینات کی جائے گی،9اور 10محرم کو کراچی سمیت سندھ بھر میں لائسنس یافتہ اسلحہ لے کر چلنے اور اس کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی ، ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس ، سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے9 اور 10محرام الحرام کے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی ، محکمہ داخلہ سندھ نے9اور10محرم کے مرکزی جلوسوں کے لیے تحفظ کے مربوط انتظامات کی ہدایت جاری کی ہے اور ان انتظامات کے تحت متعلقہ تھانوں اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے۔



9اور 10 محرم کو گرومندر سے حسینیہ ایرانیاں تک مرکزی جلوس کے راستے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کے راستوں کو کو بدھ کی شب 11بجے مکمل طور پر سیل کردیا جائے گا، جلوس کے راستے میں آنے والی دکانوں کو بھی بم ڈسپوزل اسکواڈ چیک کرکے سیل کریگا ، 9اور 10محرم کومرکزی جلوسوں کے آغاز سے قبل تمام راستوں کو سراغ رساں کتوں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے کلیئر کرایا جائے گا ،جلوس کے اطراف 100سے زائد موبائلیں ،10بکتر بند گاڑیاں اور 80موٹر سائیکلوں پر مشتمل قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کا دستہ ہوگا ، جلوس کی فضائی نگرانی 3ہیلی کاپٹروں کی مدد سے کی جائے گی۔

جلوس کی مانیٹرنگ 350سے زائد کیمروںکی مدد سے کے ایم سی اور پولیس کے مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں ہوگی ، جلوس کے شرکاء کو صرف گرومندر پر قائم ہونے والے راستے سے داخل ہونے کی اجازت ہوگی ،علاوہ ازیں آئی جی سندھ نے اجلاس کے دوران پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ قابل اعتراض وال چاکنگ کے خاتمے کے علاوہ سینما ہالوں و سائن بورڈ وغیرہ کو مناسب طور پر ڈھانپنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں،ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے پولیس ہیڈ کوارٹرزگارڈن میں اجلاس کی صدارت کی، سیکیورٹی اقدامات سمیت جلوسوں کی گزر گاہوں پر اختیار کردہ ڈپلائمنٹ پلان کا جائزہ لیا،انھوں نے افسران کو ہدایت دی کہ جلوس کی ویڈیو ریکارڈنگ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں