گودام میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے کا کیمیکل جل گیا

250 چھوٹے بڑے ڈرم پھٹنے سے خوفناک دھماکے، علاقے میں خوف و ہراس


Staff Reporter November 13, 2013
سائٹ میں کیمیکل کی فیکٹری میں آتشزدگی کے بعدباہرمزدوروں کے عزیز اور رشتے دار جمع ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

شیرشاہ میں واقع کیمیکل کے گودام میں آتشزدگی سے بھاری مالیت کا کیمیکل جل گیا،آگ لگتے ہی گودام میں دھماکے شروع ہو گئے۔

جس کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ، فائربریگیڈ کے عملے نے تقریباً ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ،تفصیلات کے مطابق سائٹ بی تھانے کی حدود شیر شاہ پراچہ چوک کے قریب واقع گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج جی سی ٹی کے عقب میں پلاٹ نمبرF-61 پر قائم نیلم انڈسٹری کے کیمیکل کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور آگ لگتے ہی گودام میں رکھے کیمیکل کے ڈرمز میں دھماکے شروع ہوگئے جس سے خوف وہراس پھیل گیا،اطلاع ملنے پرفائر بریگیڈ کی4گاڑیاں ، ایک بائوزر، پولیس اور رضا کار تنظیموں کے نمائندے موقع پر پہنچ گئے،آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر مزید گاڑیوں اور بائوزر کو طلب کیا گیا۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے تقریباً ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، فائر بریگیڈ کے ایک افسر تحسین احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ آگ لگنے کے باعث گودام میں موجود 50 لوہے کے بڑے ڈرم اور200 سے زائد چھوٹے ڈرمززور دار دھماکے سے پھٹ گئے،فائر بریگیڈ عملے نے آپریشن کرتے ہوئے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا، اس دوران فائر بریگیڈ کی10گاڑیوں اور2 بائوزر نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا ۔



گودام میں موجود ڈرم میں ہائیڈروجن پر آکسائیڈکیمیکل موجود تھا اور جب گودام کے مالک سے کیمیکل ذخیرہ کرنے کا لائسنس طلب کیا گیا تو ان کے پاس لائسنس موجود نہیں تھا ، نہ ہی گودام کے مالک نے بلدیہ عظمیٰ سے کیمیکل ذخیرہ کرنے کی این او سی حاصل کی ہوئی تھی۔

گودام میں کسی قسم کا کوئی آگ بجھانے کا نظام موجود نہ تھا جس سے بروقت آگ پر قابو نہ پایا جاسکا ،فوری طور پر گودام میں آگ لگنے اور نقصان کا اندازہ نہیں ہو سکا، ایس ایچ او سائٹ بی سہیل احمد نے بتایا کہ آگ کی اطلاع ملنے پر گودام کے مالک خواجہ شفیق بھی موقع پر پہنچ گئے تھے، گودام میں بڑے کیمیکل کے ڈرموں سے چھوٹے ڈرم بھرے جاتے تھے اور مارکیٹ میں سپلائی کیے جاتے تھے ،انھوں نے بتایا کہ جس وقت گودام میں آگ بھڑکی 5 سے 6 افراد گودام میں موجود تھے جنھیں فوری طور پر گودام سے نکال لیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں