کراچی میں رینجرز کی کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ایک اہلکار شہید

مارے گئے تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان حکیم اللہ محسود گروپ سے تھا، ذرائع

دہشت گردوں کے قبضے سے متعدد ہینڈ گرینیڈز ،اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں، ترجمان رینجرز سندھ فوٹو: فائل

MULTAN:
لانڈھی کے علاقے گلشن بونیر میں رینجرز اور کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گروں کے درمیان مقابلے میں 3 دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک رینجرز اہلکار شہید ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز نے 10 محرم الحرام کو کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ بنانے والے کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گردوں کی پناہ گاہ پر چھاپہ مارا تاہم دہشت گردوں کی جانب سے رینجرز کے جوانوں پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد رینجرز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ اس دوران ایک رینجرز اہلکار بھی شہید ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے ملزموں کی شناخت عامر اللہ محسود ، ضیااللہ اور زمان خان کے نام سےہوئی ہے۔


ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق لانڈھی کے علاقے گلشن بونیر کے ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا۔ اس دوران دہشت گردوں اور رینجرز جوانوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،جس میں تین دہشت گرد مارے گئے اور ایک رینجرز اہلکار شہید ہوا۔ ترجمان کے مطابق گروہ کا سرغنہ عامر اللہ محسود قائد آباد میں امام بارگاہ پر حملے سمیت دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے متعدد ہینڈ گرینیڈز ،اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مقابلے میں شہید اہلکار علی اکبر کا تعلق مانسہرہ سے ہے۔ انہوں نے رینجرز میں سات سال اور گیارہ ماہ خدمات انجام دیں۔

رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے گئے تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان حکیم اللہ محسود گروپ سے تھا، جو10 محرم الحرام کو کراچی میں دہشت گردی کی بڑی کاروائی کرنا چاہتے تھے۔
Load Next Story