ملک بھر میں 8 ویں محرم کے حوالے سے ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا

آج کے روز میدان کربلا میں حضرت عباس عملدار کے فضائل اور ان کی شہادت کے واقعے پر روشنی ڈالی جارہی ہے۔


ویب ڈیسک November 13, 2013
8 محرم الحرام کا دن حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ کے بھائی حضرت عباس عملدار کے مناسبت سے منایا جاتا ہے. فوٹو: فائل

MANILA: ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں 8 محرم الحرام کے حوالے سے مجالس عزا کا انعقاد جاری ہے۔

8 محرم الحرام کا دن حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ کے بھائی حضرت عباس عملدار کے مناسبت سے منایا جاتا ہے، آج کے روز برپا ہونے والی مجالس میں میدان کربلا میں حضرت عباس عملدار کی بہادری، شجاعت، ان کے فضائل اور شہادت کے واقعے پر روشنی ڈالی جارہی ہے، اس کے علاوہ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس بھی برآمد ہوئے جس میں عزاداروں نے شہدائے کربلا کی یاد میں سینہ کوبی اور زنجیر زنی کی۔

کراچی میں 8 محرم کا ماتمی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی اور امام بارگاہ علی رضا، ایمپریس مارکیٹ ریگل چوک، تبت سینٹر، لائٹ ہاؤس اور تاور سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہوا، اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے، جلوس کے راستوں کو مکمل طور پر سیل کرکے وہاں 5 ہزار پولیس اہلکاروں کے علاوہ رینجرز کی بھی بھاری نفری تعینات کی گئی، ایم اے جناح روڈ کے اطراف واقع اونچی عمارتوں پر خصوصی اسنائپرز موجود رہے اس کے علاوہ جلوس کے تمام راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی گئی جبکہ تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں ۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آٹھویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس اندرون بھٹائی گیٹ سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی انداز میں مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کی گذرگاہوں پر کلوز سرکٹ کیمرے اور داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی گئیں بعض مقامات پر جلوسوں کی ہیلی کاپٹرز سے بھی نگرانی کی گئی۔ اس کے علاوہ کوئٹہ، پشاور، حیدر آباد، فیصل آباد، سکھر، میر پور خاص، بدین، نوابشاہ، خیرپور، لاڑکانہ، ملتان،ڈیرہ غازی خان، جھنگ، چنیوٹ، فیصل آباد گوجرانوالہ شیخوپورہ، سرگودھا، حافظ آباد، میانوالی، گجرات، بھکر اور قصور سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی ماتمی جلوس برآمد ہوئے جبکہ مجالس عزا برپا کی جا رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔