پی ٹی آئی اورق لیگی اراکین وزیراعلیٰ کی قیادت پراعتماد رکھتے ہیں ترجمان پنجاب حکومت

پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بنانے کی باتیں بے بنیاد اور حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہیں، ترجمان پنجاب حکومت


January 23, 2020
پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بنانے کی باتیں بے بنیاد اور حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہیں، ترجمان

ISLAMABAD: ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے اراکین اسمبلی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں اور آئین کے تحت اپنے اختیارات استعمال کر رہے ہیں اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی آئین کے تحت حاصل کردہ اختیارات کے تحت فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ صوبائی حکومت کے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ موجود ہے، پی ٹی آئی اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے اراکین اسمبلی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں، اختلاف کی افواہیں پھیلانے والے عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر روکنے کی سازش کر رہے ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق صوبہ پنجاب کی قیادت کا تحریک انصاف یا اتحادی جماعت کے کسی رہنما یا اسپیکر پنجاب اسمبلی یا گورنر پنجاب سے کسی قسم کا اختلاف نہ ہے اور نہ ہی ہوگا جب کہ حکومت پنجاب کی سیاسی قیادت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی ایک مضبوط ومستحکم ٹیم کی حیثیت سے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مصروف عمل ہے، حکومت پنجاب کے حوالے سے گمراہ کن اور شرانگیز افواہیں پھیلانے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی، حکومت صوبے کی ترقی کے سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بنانے کی باتیں بے بنیاد اور حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہیں، تحریک انصاف کے بعض اراکین اسمبلی نے کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنایا جب کہ مسرت جمشید چیمہ پنجاب میں حکومتی امور چلانے میں تمام اسٹیک ہولڈرز اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کر رہے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں