کراچی اورراولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بحال ہوگئی

مختلف شہروں میں موبائل فون سروس کی مکمل اور جزوی معطلی صوبائی حکومتوں کی درخواست پر کی گئی ہے

موبائل فون سروس کی معطلی کے ساتھ ساتھ 9 اور 10 محرم کو مختلف شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی، اسلام آباداور لاہور سمیت ملک کے 80 شہروں میں جلسے اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے پیش نظر صبح سے موبائل فون اور وائرلیس فون سروس بحال ہو گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دن بھر بندش کے بعد کراچی ،ملتان، فیصل آباد، رحیم یار خان اور گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سروس بحال ہو گئی ہے۔


واضح رہے کہ ممکنہ دہشت گردی سے بچنے کے لئے وفاقی حکومت نے صوبوں کی درخواست پر ملک کے مختلف شہروں میں جزوی اور مکمل طور پر موبائل سروس بند کردی تھی، سندھ حکومت کی درخواست پر کراچی، سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد اور خیرپور میں موبائل فون سروس معطل رہی، صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں موبائل فون سروس جزوی جب کہ ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پاکپتن، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، رحیم یار خان، چکوال، مظفر گڑھ اور جھنگ میں موبائل فون سروس مکمل طور پر معطل رکھی گئی۔

اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا کے حساس ترین شہروں ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، کوہات، بنوں اور کرم ایجنسی میں بھی موبائل فون سروس مکمل طور پر جبکہ پشاور، ہری پور اور ایبٹ آباد میں سروس جزوی طور پر معطل رہی۔ محرم الحرام کے حوالے سے 9 اور 10 محرم الحرام کو تمام صوبوں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم ڈیرہ اسماعیل خان میں موٹر سائیکل چلانے کی ہی اجازت نہیں ہے۔
Load Next Story