صوبائی حکومتوں کی چال بازی

قومی اسمبلی نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے دوبارہ متفقہ طور پر قرارداد منظور کی اور سندھ اسمبلی نے بھی...


Muhammad Saeed Arain November 14, 2013

قومی اسمبلی نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے دوبارہ متفقہ طور پر قرارداد منظور کی اور سندھ اسمبلی نے بھی قومی اسمبلی کی قرارداد کی حمایت میں اپنی قرارداد کی منظوری دی تاکہ سپریم کورٹ صوبائی حکومتوں کی اپنی ہی دی گئی تاریخوں میں توسیع کا کوئی حکم جاری کردے مگر سپریم کورٹ نے قومی اور سندھ اسمبلی کی قراردادوں پر کوئی فیصلہ نہیں دیا اور معاملہ الیکشن کمیشن کی صوابدید پر چھوڑ دیا ہے جس کے قائم مقام الیکشن کمشنر سپریم کورٹ کے سینئر جج ہیں۔ سال رواں میں چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چوہدری نے سب سے پہلے بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کے موقعے پر حکومت کی توجہ بلدیاتی انتخابات نہ کرائے جانے پر مبذول کرائی تھی اور صوبائی حکومتوں سے کہا تھا کہ ملک میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی معاملہ ہے اس لیے صوبائی حکومتیں آئین کی خلاف ورزی نہ کریں اور اپنے اپنے صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کریں۔ تاہم اب عدالت عظمیٰ نے انتخابات کرانے کے لیے سندھ اور پنجاب میں جنوری تک مہلت دیدی ہے۔

سپریم کورٹ نے کئی ماہ تک صوبائی حکومتوں کی اس سلسلے میں عدم دلچسپی دیکھی اور پھر صوبوں سے بلدیاتی انتخابات کے لیے ستمبر میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخیں طلب کیں۔ سپریم کورٹ نے کنٹونمنٹس کے وفاقی علاقوں میں تیرہ سالوں سے بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کا نوٹس لیا اور سیکریٹری دفاع سے بھی جواب طلب کیا اور کنٹونمنٹس کے علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تاکہ آئین پر عمل ہوسکے۔

صبح شام جمہوریت کی مالا جپنے والی وفاقی اور چاروں صوبوں کی حکومتوں نے سپریم کورٹ کے حکم پر لاپروائی کا مظاہرہ کیا اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر کوئی بھی توجہ نہیں دی۔ سپریم کورٹ کے فاضل ججوں نے متعدد بار اس سلسلے میں واضح کیا کہ ججوں نے بلدیاتی انتخاب نہیں لڑنا بلکہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی ضرورت ہے اس لیے ملک میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر توجہ دی جائے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مسلسل خاموشی کے باعث سپریم کورٹ نے سیکریٹری دفاع اور صوبائی حکومتوں کو اس سلسلے میں کافی ڈھیل دی اور اس سلسلے میں مقدمات کی سماعت کی۔ وفاق اور صوبوں کی طرف سے سپریم کورٹ کو بھی آسرے دیے جاتے رہے اور چیف جسٹس سپریم کورٹ کی برہمی پر سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کو 27 نومبر کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تحریری یقین دہانی کرائی جس کو سپریم کورٹ کی طرف سے سراہا گیا۔ بلوچستان حکومت نے بھی 27 نومبر کی اور پنجاب حکومت نے 7 دسمبر کی تاریخ دے کر سپریم کورٹ کو تحریری یقین دہانی کرائی کہ مقررہ تاریخوں پر بلدیاتی انتخابات کرا دیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پس ماندہ صوبے بلوچستان کی حکومت نے حلقہ بندی، بلدیاتی نظام کی منظوری جیسے اہم کام مکمل کرلیے اور مشکلات کے باوجود الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں انتخابی عمل بھی شروع کردیا۔

سپریم کورٹ نے کے پی کے حکومت سے بھی بلدیاتی انتخابات کی تاریخ طلب کی جہاں تحریک انصاف کی حکومت ہے جس کے سربراہ عمران خان نے عام انتخابات کے موقع پر 90 روز میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فخریہ اعلان کیا تھا مگر کے پی کے میں حکومت بنانے کے بعد عمران خان نے بھی دیگر سیاستدانوں کا رویہ اختیار کیا اور نوے روز کے اعلان پر عمل نہیں کیا اور ثابت کردیا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ بھی زبان اور اعلان کے پابند نہیں رہے اس لیے ان کی حکومت نے سپریم کورٹ کو بلدیاتی انتخابات کی تاریخ دینے سے انکار کردیا۔

نومبر کے قریب تین صوبائی حکومتوں نے واضح کیا کہ ہماری تیاری مکمل ہے اب الیکشن کمیشن اپنا کام شروع کرے۔ الیکشن کمیشن نے کام شروع کیا تو انکشاف ہوا کہ سندھ اور پنجاب کی حکومتوں نے تو حلقہ بندیاں تک نہیں کیں تو الیکشن کیسے ہوسکیں گے۔ سپریم کورٹ نے خود بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر نہیں کی تھی اور الیکشن کمیشن کو کہا تھا کہ وہ صوبائی حکومتوں کی اپنی دی ہوئی تاریخوں پر بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرے۔ الیکشن کمیشن جب متحرک ہوا تو درجنوں مسائل سامنے آگئے اور صوبائی حکومتوں کے جھوٹے تحریری وعدوں کا بھی پول کھل گیا۔ ملک میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی کی تاریخوں کا اعلان ہوا تو سندھ اور پنجاب کی حکومتیں گھبرا گئیں۔ قومی اسمبلی کے ارکان اور سیاسی جماعتیں بے چین ہوگئیں اور بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے کے لیے قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی نے متفقہ طور پر تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کردیا۔

سپریم کورٹ یہ مسئلہ الیکشن کمیشن کے سپرد کرچکی تھی مگر قومی اور سندھ اسمبلی نے سپریم کورٹ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی اور پی پی کے ناواقف نوجوان چیئر پرسن تو زیادہ ہی جذباتی ہوگئے اور انھوں نے ٹوئیٹر پر پیغام میں سپریم کورٹ پر الزام لگادیا کہ سپریم کورٹ قومی اسمبلی کی قراردادوں کو حقارت سے نظر انداز کر رہی ہے اور الیکشن کمیشن کی تیاری کے بغیر بلدیاتی انتخابات ڈھونگ ہوں گے اور موجودہ حالات میں شفاف انتخابات ممکن نہیں۔ سندھ کے وزیر اطلاعات کیوں پیچھے رہتے انھوں نے بھی کہہ دیا کہ قومی اور سندھ اسمبلی کی قراردادوں کو ردی کا ٹوکرا نہ سمجھا جائے۔ پنجاب کے وزیر قانون بھی کیوں چپ رہتے انھوں نے بھی بیان داغ دیا کہ 7 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مشکل ہے مزید دو تین ہفتے کا وقت دیا جائے۔ سندھ اسمبلی کے اسپیکر، وزیر قانون اور وزیر تعلیم نے بھی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کردیا ہے۔

سندھ اور پنجاب کی حکومتوں نے خود 27 نومبر اور 7 دسمبر کی تاریخیں دے کر چال چلی تھی وگرنہ یہ دونوں بھی کے پی کے حکومت کی طرح سپریم کورٹ کو تاریخ دینے سے انکار کرسکتی تھیں مگر انھوں نے سیاسی مفاد کے لیے تاریخیں دے دیں اور اب بہانے تراشے جارہے ہیں۔

بلدیاتی انتخابات آئینی ضرورت ہے جسے سیاست کی نذر کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوگئی ہیں اور توسیع کی حمایت کر رہی ہیں۔

سندھ اور پنجاب حکومتوں کی چال بازیوں نے عوام کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے اور سپریم کورٹ کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور سپریم کورٹ کے احکامات ہی کی نہیں بلکہ خود اپنی ہی دی گئی تاریخوں کی بھی انحرافی کی جارہی ہے کیونکہ یہ فوجی نہیں جمہوری حکومتیں ہیں۔/p>

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔