یوم عاشور آج نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائیگا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا

شہر بھر میں مجالس ہوں گی، مرکزی مجلس سے شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے، پولیس و رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہوگی


Staff Reporter November 15, 2013
جلوس کے شرکا تبت سینٹر پر نماز ظہرین ادا کرینگے،مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوگا فوٹو : ایکسپریس

10 محرم الحرام یوم عاشور آج جمعہ کو نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، شہر بھر میں مجالس منعقد ہوں گی اور علم و ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوں گے مرکزی مجلس نشترپارک میں منعقد ہوگی جس سے ممتاز عالم دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے۔

پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نشترپارک سے علم و ذوالجناح کامرکزی جلوس برآمد ہوگا جس کی قیادت بوتراب اسکائوٹس کریں گے، مرکزی جلوس کے شرکا ایم اے جناح روڈ پرتبت سینٹر کے سامنے نماز ظہرین ادا کریں گے جس کے انتظامات آئی ایس او کرے گی،10محرم الحرام کے سلسلے شہر بھر سے نکالے جانے والے چھوٹے بڑے جلوس نشترپارک کے مقام پر مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے کئی جلوس رات گئے ہی روانہ ہو جائیں گے، مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، ڈینسوہال، لائٹ ہائوس، سٹی کورٹ، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، اس موقع پر انتظامیہ نے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور مساجد و امام بارگاہوں سمیت شہر کے تمام حساس مقامات پر رینجرز و پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا جائے گا مرکزی جلوس کے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا ہے جلوس کے راستوں میں خفیہ کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔



مختلف تنظیموں کے تحت نشترپارک، پرانی نمائش اور اس کے اطراف پانی و شربت کی سبیلیں لگائی جائیں گی اور استقبالیہ و طبی کیمپ لگائے جائیں گے، انتظامیہ نے ٹریفک کے بھی متبادل انتظامات کیے ہیں اور جلوس کے راستوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی علاوہ ازیں ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی 9 محرم الحرام انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا، مرکزی جلوس صبح نشترپارک سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر میں اختتام پذیر ہوا۔

شہر بھر میں مجالس کا انعقاد کیا گیا اور علم و ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے مرکزی مجلس نشترپارک میں صبح 10 بجے منعقد ہوئی جس سے ممتاز عالم دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا مجلس کے بعد پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نشترپارک سے علم و ذوالجناح کامرکزی جلوس برآمد ہوا جس کی قیادت پاک حیدری اسکائوٹس نے کی، مرکزی جلوس کے شرکا نے ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کی، امامت کے فرائض مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے انجام دیے، 9محرم الحرام کے سلسلے کا ایک بڑا جلوس مرکزی امام بارگاہ لیاقت آباد سے صبح سات بجے برآمد ہوا یہ جلوس شاہ نجف مارٹن روڈ گیا جہاں مجلس میں شرکت کے بعد جلوس نشترپارک کی جانب روانہ ہوا اور مرکزی جلوس میں شامل ہوگیا، مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، ڈینسوہال، لائٹ ہائوس، سٹی کورٹ، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں