سپریم کورٹ اداروں میں بے قاعدگی اور کرپشن کیسز دسمبر تک نمٹانے کا امکان

حج کرپشن، آئی بی فنڈ، این آراوعملدرآمد، قرضہ معافی، ایگروفارم، پی آئی اے میں بے قاعدگیوں کے مقدمے شامل ہیں


Ghulam Nabi Yousufzai November 15, 2013
7 سال پرانا پٹرولیم قیمتوں کا مقدمہ بھی نمٹانے کا امکان، مقدمات کے عبوری فیصلے ہوئے لیکن حتمی طور پر نمٹائے نہیں گئے۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ میں زیر التوا کرپشن اور ادارہ جاتی بے قاعدگیوں کے اہم مقدمات کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک نمٹائے جانے کا امکان ہے۔

یہ مقدمات گزشتہ کئی سال سے عدالت عظمیٰ میں زیر سماعت ہیں اور مختلف اوقات میں اس بارے میںعبوری فیصلے بھی جاری کیے جاچکے ہیں تاہم ان پرحتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا جاسکا ہے۔ ان مقدمات میں حج کرپشن، آئی بی فنڈ کا سیاسی مقاصد کیلیے استعمال، این آراو عملدرآمد، اربوں روپے قرضہ معافی، اسلام آباد ایگرو فارم اور پی آئی اے میں بے قاعدگیوں کے مقدمے شامل ہیں ۔اس کے علاوہ حال ہی میں سامنے آنے والا ای او بی آئی اسکینڈل اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیش اتھارٹی کی عدم فعالیت کے مقدمے بھی نمٹائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں گزشتہ 7 سال سے زیر التوا مقدمے کا فیصلہ بھی دسمبر کے پہلے ہفتے تک کردیا جائے گا۔ عدالت عظمٰی نے این آر او کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے مختلف اوقات میں احکام جاری کیے اور اس بارے میں این آر او عملدرآمدکے نام سے ایک مقدمہ گزشتہ 4 سال سے زیر التوا ہے۔اس کیس میں ایک وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کوعدالت کی حکم عدولی پرسزا بھی ہوچکی ہے لیکن بدستور عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے کیس نہیں نمٹایا جاسکا۔



سزا یافتہ افرادکواعلیٰ عہدوں پرمقررکرنے میں ملوث افرادکے خلاف ریفرنس دائرکرنے اور قتل، ڈکیتی،اغوا کے ملزمان کو این آر او کا فائدہ دے کررہا کرنے کا معاملہ ابھی تک حل طلب ہے اورعدالت کے حکم کے باجود ان افرادکے خلاف کارروائی نہیں کی جاسکی ہے۔ آئی بی فنڈ کیس اصغر خان کیس کا ادھورا باب ہے اور عدالت عظمٰی نے اصغرخان کیس سے اس معاملے کو الگ کرکے سننے کا فیصلہ کیا تھا لیکن حکومت کی طر ف سے متعلقہ ریکارڈ کی فراہمی میں رکاوٹ کے باعث اس معاملے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔

حج کرپشن کیس 2010 سے زیر التوا ہے اور حکومتی مزاحمت کی وجہ سے اس بارے میں انکوائری تعطل کا شکار رہی اس کیس میں سابق وزیر مذہبی امورحامد سعید کاظمی کو جیل بھی جانا پڑا تھا جبکہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے بھی زیر تفتیش رہے ہیں۔ ان مقدمات کو سماعت کیلئے اگلے ہفتے کی کاز لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں