بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنیکا فیصلہ

اسلامی نظریاتی کونسل سے بھی سزاؤں کے حوالے سے رائے مانگی گئی ہے


احتشام بشیر January 28, 2020
ملزمان کو سرعام پھانسی کی سزا دینے کے حوالے سے قانون سازی کریں گے اسپیکر اسمبلی فوٹوفائل

خیبرپختونخوا میں بچوں سے زیادتی کرنے والے ملزمان کو سرعام پھانسی کی سزا دینے کے لیے قانون سازی کرنے اور اس حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اسلامی نظریاتی کونسل سے بھی سزاؤں کے حوالے سے رائے مانگ لی گئی ہے۔

بچوں کے جنسی استحصال اور تشدد کی روک تھام کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتا ق احمد غنی کی صدارت میں ہوا۔ جس میں مولانا لطف الرحمان، سردار حسین بابک، عنایت اللہ خان، نگہت اورکزئی، مشیر وزیر اعلیٰ برائے سوشل ویلفیئر ہشام انعام اللہ خان، خواتین ایم پی ایز ڈاکٹر سمیرہ شمس، ڈاکٹر آسیہ اسد، شگفتہ ملک، حمیرہ خاتون، آسیہ خٹک اور ثوبیہ شاہد نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ قانون، محکمہ سوشل ویلفیئر کے اعلیٰ حکام، نفسیاتی امراض کے پروفیسر، عالم دین، خیبرپختونخوا چائلڈ کمیشن اور ایڈووکیٹ جنرل نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ قانون اور محکمہ داخلہ کے اعلیٰ افسران نے شرکا کو بتایا کہ سینیٹ میں اس وقت زینب الرٹ بل پیش ہوچکاہے جوکہ اسلامی نظریاتی کونسل کو تجاویز وسفارشات کے لئے بھیجاگیا ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی مرتب کردہ سفارشات کی روشنی میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی بنائی گئی اسپیشل کمیٹی اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔اراکین اسمبلی نے اپنی آراء میں کہا کہ صوبے کے واحد فارنزک لیب میں سہولیات کا فقدان ہے اسی وجہ سے جب بھی کوئی اس قسم کا واقعہ رونما ہو تا ہے تو ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے سیمپل لاہور بھیجا جاتاہے جس کی رپورٹ پر کئی کئی دن لگ جاتے ہیں۔

فارنزک لیب پولیس کے ماتحت کام کررہاہے اس موقع پر بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزمان کو سرعام پھانسی دینے کی بھی تجویز دی گئی ، اسپیکر اسمبلی نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو سرعام پھانسی کی سزا دینے کے حوالے سے قانون سازی کریں گے اور اس حوالے سے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں