منظور پشتین کی گرفتاری پر افغان صدر کی ٹویٹ اندرونی معاملات میں مداخلت ہے فردوس عاشق

آئین سے منحرف عناصر کے ساتھ قانونی کارروائی کرنا پاکستان کا قانون ہے، معاون خصوصی

شرپسندوں کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کسی شر پسند کو امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

منظور پشتین کی گرفتاری سے متعلق افغان صدر کی ٹوئٹ کے ردعمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان خود مختار ریاست ہے۔ آئین پاکستان سے منحرف عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کرنا پاکستان کا قانون ہے۔ کسی اور ملک کا دوسرے ملک میں قانون کی بالادستی کے خلاف بات کرنا سفارتی تقاضوں کے منافی ہے۔


معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کا داعی ہے۔افغانستان میں قیام امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کیلئےملکرکام کرنے کے خواہاں ہیں۔افغان صدر اشرف غنی کی حالیہ ٹویٹ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔افغان قیادت کو ایسے بیانات سے پہلے بین الاقوامی تعلقات میں عدم مداخلت کے اصولوں کو پیش نظر رکھنا چاہیے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور غیور عوام نے اپنے لہو سے امن کے دیے روشن کیے ہیں ۔کسی شر پسند کو امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔شرپسندوں کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
Load Next Story