بھارت کے شہرہ آفاق بلے باز سچن ٹنڈولکر اپنے آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 74 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ممبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز سچن ٹنڈولکر اپنی اننگز جاری رکھنے کے لیے میدان میں اترے تو اسٹیڈیم میں موجود ان کے ہزاروں مداحوں نے کھڑے ہو کر ان کا خیر مقدم کیا۔ سچن ٹنڈولکر نے ممبئی ٹیسٹ میں اپنی اننگز 38 رنز سے شروع کی اور روایتی انداز میں دلکش اسٹروکس سے اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کو جھومنے پر مجبور کیا۔ ان کی ایک ایک شاٹ پر شائقین تالیاں پیٹ کر انہیں خراج تحسین پیش کرتے رہے۔
اسٹیڈیم میں موجود ان کے مداحوں میں اداکار عامر خان، کانگریسی رہنما راہول گاندھی اورممبئی انڈینز کی مالک انیتا امبانی بھی شامل تھیں۔ جنہوں نے ٹنڈولکر کی نصف سنچری مکمل ہونے پر انہیں خوب داد سے نوازا۔ 12 چوکوں کی مدد سے ٹنڈولکر نے اپنی اننگزکو 74 رنز پر پہنچا دیا لیکن اس موقع پر ان کی ہمت جواب دے گئی۔ دیونرائن کی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں ٹنڈولکرسلپ میں ڈیرن سیمی کو کیچ دے بیٹھے۔ ٹنڈولکر کے آؤٹ ہونے پر اسٹیڈیم میں یک دم خاموشی چھا گئی اور شائقین کے منہ مایوس ہوگئے۔