والد نے نصیحت کی تھی کہ کبھی شارٹ کٹ میں نہ پڑنا لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر

24 سال تک زندگی 22 گز کی پچ کے درمیان گزری، آج ان کا کیریئر اختتام پذیر ہورہا ہے جس پر یقین کرنا مشکل ہے، سچن ٹنڈولکر


ویب ڈیسک November 16, 2013
زندگی میں کئی پارٹنرشپس قائم کیں لیکن میری سب سے اچھی پارٹنر شپ میری اہلیہ کے ساتھ رہی، سچن ٹنڈولکر فوٹو: ایکسپریس نیوز

بھارتی کرکٹ اسٹار لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ اپنے پورے کیریئر کے دوران والد کو بہت یاد کیا، انہوں نے نصیحت کی تھی کبھی کسی شارٹ کٹ میں پڑنے کی کوشش نہیں کرنا۔

ممبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے آخری میچ کی انعامی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کہا کہ ان کی 24 سال تک زندگی 22 گز کی پچ کے درمیان گزری لیکن آج ان کا کیریئر اختتام پذیر ہورہا ہے جس پر یقین کرنا مشکل ہے اور وہ اپنے کرکٹ کیریئر کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے کہا کہ انہون نے اپنے پورے کیریئر کے دوران والد کی کمی کو ہمیشہ محسوس کیا اور ان کی یاد انہیں ہمیشہ آتی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ ہمیشہ اچھے انسان بن کر رہو، اپنے خواب ضرور پورے کرو لیکن یاد رکھو کہ کبھی کسی شارٹ کٹ میں نہ پڑنا۔

سچن ٹنڈولکر نے آبدیدہ ہو کر کہا کہ وہ بچپن میں بہت شرارتی تھے لیکن والدہ نے ان کی بڑی سے بڑی شرارت کو نظر انداز کیا اور ہمیشہ رہنمائی کی اور آج وہ جو کچھ بھی اپنی والدہ کی رہنمائی اور دعاؤں کی ہی بدولت ہیں۔ انہوں نے کہا والد اور والدہ کے علاوہ تمام بہن بھائیوں نے بھی ان کا ہمیشہ ساتھ دیا اور حوصلہ افزائی کی، انہیں سب سے پہلا بلا ان کی بہن نے ہی انہیں تحفے میں دیا تھا۔ انہوں نے اپنی اہلیہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا انہوں نے زندگی میں کئی پارٹنرشپس قائم کیں لیکن ان کی سب سے اچھی پارٹنر شپ ان کی اہلیہ کے ساتھ رہی۔

اس موقع پر لٹل ماسٹر نے تمام سینیئرز کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سینیئرز نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا اور حوصلہ افزائی کی جو ان کے لئے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے بھارتی ٹیم کے حوالے سے کہا کہ انہیں بھارتی ٹیم پر ہمیشہ سے فخر رہا ہے اور رہے گا اور وہ تمام نئے کھلاڑیوں سے کہیں گے کہ جب بھی کرکٹ کھیلیں ہمیشہ فیئر ہو کر کھیلیں۔

بھارتی کرکٹ میں سچن ٹنڈولکر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ بھارت رتنا سے نوازا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں