دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی شکست

جنوبی افریقہ نے دبئی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں چھ رنز سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے جیت لی


Editorial November 16, 2013
سینئر کھلاڑی اپنی غلطیوں سے آؤٹ ہوئے اور میچ جنوبی افریقہ کی جھولی میں ڈال دیا۔ فوٹو؛ اے ایف پی/فائل

جنوبی افریقہ نے دبئی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں چھ رنز سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے جیت لی۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو 151 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی ٹیم بیس اوورز میں 144 رنز بنا سکی، اس دوران اس کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ اس میچ میں پاکستان کے ابتدائی بیٹسمینوں نے قدر بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ احمد شہزاد اور ناصر جمشید نے بالترتیب 21 اور 19 رنز بنائے۔ دونوں نے رن ریٹ برقرار رکھا۔ اس کے بعد حفیظ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ان کا آؤٹ متنازعہ تھا۔ ان کے بعد آنے والے بیٹسمین صہیب مقصود اور عمر اکمل نے بھی رن ریٹ کو برقرار رکھتے ہوئے اچھی بیٹنگ کی۔

اس موقع پر میچ ففٹی ففٹی نظر آ رہا تھا لیکن عمر اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک بھی جلد آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد عبدالرزاق بھی عمران طاہر کے ہاتھوں صفر پر آؤٹ ہو کر چلتے بنے۔ اس وقت تک بھی میچ تقریباً ففٹی ففٹی ہی چل رہا تھا۔ پھر صہیب مقصود کے آؤٹ ہونے کے بعد کھیل پاکستان کے ہاتھ سے نکلتا ہوا محسوس ہوا۔ سہیل تنویر بھی جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ کھیل کے اختتامی اوورز میں شاہد آفریدی نے ایک چھکا ماراتو اس وقت ایسا لگتا تھا کہ شاید پاکستان یہ میچ جیت جائے گا لیکن شاہد آفریدی چھکا مارنے کے فوراً بعد آؤٹ ہو گئے۔ یوں پاکستان کے میچ جیتنے کے امکانات ختم ہو گئے۔ کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے لیکن پاکستان کے سینئر بیٹسمینوں نے جس طریقے سے بیٹنگ کی اور وہ جس طرح آؤٹ ہوئے، یہ ان کے شایانِ شان نہیں۔ اگر سینئر کھلاڑی آخری لمحوں میں ذمے داری اور سمجھداری سے کھیلتے تو پاکستان یہ میچ بآسانی جیت سکتا تھا۔ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی۔ لہٰذا یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس وکٹ پر کھیلنا مشکل تھا۔ سینئر کھلاڑی اپنی غلطیوں سے آؤٹ ہوئے اور میچ جنوبی افریقہ کی جھولی میں ڈال دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں