’’ ٹوئن اسٹارز‘‘

ہم شکل بھائیوں اور بہنوں کو ریستوراں میں ادھر سے ادھر گھومتے ہوئے دیکھ کر گاہک حیران رہ جاتے ہیں۔


ع۔ر November 16, 2013
روسی ریستوران جہاں صرف ہم شکل جڑواں لڑکے اور لڑکیاں ملازم ہیں۔ فوٹو : فائل

کاروباری دنیا میں ہر سطح پر مقابلہ بے حد سخت ہے۔

بڑی بڑی کمپنیوں اور اداروں سے لے کر چھوٹے چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد تک سب اپنے گاہکوں کی تعداد بڑھانے کے لیے مختلف حکمت عملیاں اختیار کرتے ہیں۔ روسی دارالحکومت ماسکو میں قائم ایک ریستوراں کی مالکن نے بھی گاہکوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے دل چسپ حکمت عملی اختیار کی ہے۔

جب لوگ شکم سیری یا مے نوشی کی غرض سے اس ریستوراں میں داخل ہوتے ہیں تو ویٹروں اور بارٹینڈروں کو دیکھ کر انھیں خوش گوار حیرت کا احساس ہوتا ہے۔ دراصل ریستوراں کی مالکن الیکسی خودروسکی نے ہم شکل جڑواں لڑکے اور لڑکیاں ملازم رکھے ہوئے ہیں۔ ہم شکل بھائیوں اور بہنوں کو ریستوراں میں ادھر سے ادھر گھومتے ہوئے دیکھ کر گاہک حیران رہ جاتے ہیں۔ اس ریستوراں کا نام بھی '' ٹوئن اسٹارز'' ہے اور یہ دنیا کا واحد ریستوراں ہے جس کا تمام عملہ ہم شکل جڑواں بھائیوں اور بہنوں کی جوڑیوں پر مشتمل ہے۔

الیکسی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے ریستوراں کے لیے یہ حکمت عملی ایک فلم کی کہانی سے متاثر ہوکر اختیار کی ہے۔ 1960 ء کی دہائی میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں ایک لڑکی کی کہانی دکھائی گئی تھی جو ہماری دنیا جیسا ایک جہان دریافت کرتی ہے اور پھر اُس دنیا میں اس کی ملاقات اپنی ہم شکل سے بھی ہوتی ہے۔

ریستوراں میں کام کرنے والے ہم شکل جوڑے اور یہاں آنے والے گاہک دونوں ہی کے لیے یہ تجربہ خوش گوار ثابت ہوا ہے۔ '' ٹوئن اسٹارز'' کے بارے میں آرتیئم اپنے جڑواں ہم شکل بھائی رومن کے ساتھ کام کرتا ہے۔ آرتیئم کا کہنا ہے،'' اس سے پہلے ہم ایک امریکی بار میں ملازم تھے۔ پھر جب ہمیں الیکسی کے ریستوراں کے بارے میں علم ہوا کہ وہاں صرف ہم شکل جڑواں لڑکوں اور لڑکیوں کو ملازمت دی جارہی ہے تو پھر یہاں آگئے۔ ہم یہاں اپنی ملازمت کو بہت انجوائے کررہے ہیں۔ ہمیں دیکھ کر لوگوں کے چہرے پر جو خوش گوار حیرت ابھرتی ہے، وہ ہمیں بہت لطف دیتی ہے۔ ''

الیکسی کے لیے ہم شکل جڑواں بھائیوں اور بہنوں کو تلاش کرناآسان نہیں تھا جو ریستوراں میں ملازمت کا تجربہ رکھتے ہوں اور اس کے لیے کام کرنے پر بھی تیار ہوجائیں۔ خاصی تگ و دو کے بعد وہ ایسے تین جوڑے تلاش کرپائی۔

الیکسی کا کہنا ہے کہ منفرد ملازمین کی وجہ سے اس کا ریستوراں بہت اچھا چل رہا ہے۔ اس کے ریستوراں کی شہرت دور دور تک پھیل گئی ہے اور لوگ اچھا خاصا فاصلے طے کرکے بھی '' ٹوئن اسٹارز'' میں آتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں