کشمیر پرسمجھوتے یا سودے بازی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا وزیرِخارجہ

کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور قوتیں یک زبان ہیں، شاہ محمود قریشی

پاکستانی اور کشمیری عوام یکجان اور ایک قوم ہیں، شاہ محمود قریشی۔ فوٹو:فائل

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی حکومت کشمیر پر کبھی سودے بازی نہیں کر سکتی۔

پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ پیغام سرحد کے دونوں اطراف واضح ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی حکومت کشمیر پر کبھی سودے بازی نہیں کر سکتی، کشمیر پر ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کشمیر پر پاکستان کی ایک واضع پالیسی موجود ہے اور اس معاملے پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور قوتیں یک زبان اور سب میں مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے اگست 2019 کے اقدامات سے مقبوضہ کشمیر میں معیشت کو شدید نقصان پہنچا، پڑھے لکھے اور برسرِروزگار کشمیری نوجوانوں کا مستقبل تباہ کیا جا رہا ہے، کشمیری نوجوان نسل کے لیے موودی کا کشمیر پلان ناقابلِ قبول ہے، موودی کی انتہا پسند پالیسیوں کی وجہ سے لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کشمیری عوام یک زبان ہو چکے ہیں، کشمیر پر موودی کی ہٹ دھرمی کو کشمیریوں نے مسترد کردیا ہے۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں "سب اچھا ہے" کے بھارتی دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے، کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے، 50 سال بعد سلامتی کونسل میں 3 مرتبہ کشمیر کے مسئلے پر بحث ہوئی، یورپی پارلیمنٹ میں کشمیر کے حوالے سے بحث بھارت کی ناکامی ہے اور بین الاقوامی سطح پر میڈیا میں بھی بھارت کے بیانیے کو ٹھیس پہنچی، اب بھارت پاکستان پر بھی دراندازی کا الزام نہیں لگا سکتا، کشمیر پر سب سے زیادہ آواز بین الاقوامی سطح پر یورپی اور امریکی پارلیمنٹ سے اٹھی۔

وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی اور کشمیری عوام یکجان اور ایک قوم ہیں، ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، یہ حکومت یا اپوزیشن کا معاملہ نہیں بلکہ ہمارے کشمیری بہنوں بھائیوں کے حقوق کی جنگ ہے جسے ہم مل کر لڑیں گے، ہم نے کشمیر پر مختلف اور بہتر تجاویز کے لیے فارن آفس کے دروازے کھول دیئے ہیں، کشمیر ایک قومی کاز ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز اس پر متفق ہیں۔

 
Load Next Story