حکومت نے ٹڈی دل سے نمٹنے کیلیے نیشنل ایمرجنسی ڈکلیئر کردی

ٹڈی دل کے باعث ہونے والے نقصانات کے پیش نظر تمام ضروری اقدامات ہنگامی طور پر کیے جائیں، وزیراعظم


ویب ڈیسک January 31, 2020
ٹڈی دل کے باعث ہونے والے نقصانات کے پیش نظر تمام ضروری اقدامات ہنگامی طور پر کیے جائیں، وزیراعظم۔ فوٹو : فائل

حکومت نے ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کیلیے نیشنل ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں ٹڈی دل کے حملے سے نمٹنے کے لئے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیرِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیرِاعظم کو ملک کے مختلف حصوں میں ٹڈی دل کے خطرے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جب کہ اجلاس میں ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کے لیے نیشنل ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری بھی دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ زراعت اور کسانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے جب کہ ٹڈی دل کے باعث فصلوں کو ہونے والے نقصانات کے پیش نظر تمام ضروری اقدامات ہنگامی طور پر کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فصلوں کو کسی بھی خطرے سے بچانے کے لیے اور خصوصاً ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے گی اور مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں