افغانستان امریکی فضائی حملے میں حزب اسلامی کے کمانڈر اہل خانہ سمیت جاں بحق

امریکی فضائیہ کے حملے کے وقت جنگجو کمانڈر ربانی اپنے خاندان کے 6 افراد کے ہمراہ کار میں جا رہے تھے


ویب ڈیسک January 31, 2020
فضائی حملہ حزب اسلامی کے کمانڈر غلام ربانی کی گاڑی پر کیا گیا، فوٹو : فائل

LONDON: افغانستان میں امریکا کے فضائی حملے میں کار سوار حزب اسلامی کے کمانڈر غلام ربانی اپنے اہل خانہ سمیت جاں بحق ہوگئے۔

عالمی میڈیا کے مطابق امریکی فضائیہ نے صوبے قندوز کے ضلع دشت آرچی میں ایک کار کو دھماکے سے اُڑا دیا، کار میں سوار ساتوں افراد موقع پر بھی جاں بحق ہوگئے۔

امریکی فضائیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے میں طالبان کے 3 کمانڈر ہلاک ہوئے ہیں تاہم حقیقت سامنے آنے پر اپنے نئے بیان میں صرف ایک کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کو بھی تسلیم کیا گیا ہے۔

افغان میڈیا نے دشت آرچی میں حزب اسلامی کی قیادت سے گفتگو کی جس میں قیادت نے کمانڈر غلام ربانی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں کار میں موجود کمانڈر کے خاندان کے 6 افراد بھی ہلاک ہوگئے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل طالبان کے زیر تسلط صوبے غزنی میں ایک امریکی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں دو اہم افسران سوار تھے۔ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جب کہ امریکا نے طالبان کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ طیارہ گرنے کی وجہ دہشت گردی نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں