پنجاب حکومت نے پھل اور سبزیاں گھر منگوانے کی سہولت متعارف کرادی

23 اپریل 2019ء کو لانچ ہونے والی اس ایپ کو عوام کی طرف سے زبردست پذیرائی ملی


Staff Reporter January 31, 2020
اب تک پنجاب بھر سے 6 لاکھ سے زائد شہری ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں ۔ فوٹو : فائل

MULTAN: پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی "قیمت پنجاب'' موبائل ایپ میں اب اشیائے خورونوش کی ہوم ڈلیوری سروس کا فیچر متعارف کروا دیا گیا، شہری اب گھر بیٹھے سرکاری نرخوں پر چیزیں منگوا سکیں گے جب کہ ترسیل پر اضافی چارجز بھی عائد نہیں ہوں گے۔

ایکسپریس کے مطابق پنجاب حکومت نے پھل اور سبزیاں گھر پہنچانے کی انوکھی ایپ متعارف کرادی ہے، فریش آن لائن فری ہوم ڈلیوری سروس فی الحال لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور ملتان کے شہروں میں متعارف کروائی گئی ہے، ابتدا میں پھلوں اور سبزیوں کی 46 اقسام کو فریش آن لائن آرڈر فارم میں شامل کیا گیا ہے۔



آرڈر دینے کے لیے صارفین کو ''قیمت پنجاب'' ایپ سے فریش آن لائن کا انتخاب کرکے اپنا ضلع اور پھر تحصیل منتخب کرنا ہوگی اور پھر فہرست سے اپنی پسند کی اشیاء منتخب کر کے مقدار داخل کرنا ہوگی، مجموعی بل اسکرین کے اوپری حصے پر ظاہر ہوگا جس کے بعد آرڈر گھر پر ڈیلیور ہوجائے گا اور کیش میں ادائیگی کی جاسکے گی۔



صارف موجودہ اور ماضی کے آرڈرز سے متعلقہ معلومات بھی ایپ میں دیکھ سکیں گے، اس سروس کے ذریعے صارفین کو سرکاری نرخوں پر اشیا گھر بیٹھے مل جایا کریں گی اور وقت کے ساتھ ساتھ پیسوں کی بھی بچت ہوگی۔



گراں فروشی روکنے کے لیے 23 اپریل 2019ء کو لانچ ہونے والی اس ایپ کو عوام کی طرف سے زبردست پذیرائی ملی ہے اور اسے اب تک پنجاب بھر سے 6 لاکھ سے زائد شہری ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں جب کہ 23 ہزار 646 رجسٹرڈ شکایات میں سے 23 ہزار 516 کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔

''قیمت پنجاب'' ایپ گوگل پلے اسٹور اور ایپل اسٹور دونوں پر مفت دستیاب ہے، بہت جلد مزید شہر اور اشیا کو بھی ایپ میں خریداری کے لیے شامل کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں