کاغذی بنگال ٹائیگرز کیلیے مضبوط جال تیار ہونے لگا

راولپنڈی ٹیسٹ کیلیے پاکستانی اسکواڈ کاآج اعلان ،صرف 1یا2 ہی تبدیلیاں ہوں گی،عمران سینئر کی رخصتی کا امکان


Sports Reporter February 01, 2020
 شنواری کی جگہ سنبھالنے کیلیے موسیٰ مضبوط امیدوار،فہیم اوربلال کے نام زیرغور،پریکٹس میچ میں اشفاق کی ففٹی۔ فوٹو : فائل

کاغذی بنگال ٹائیگرز کیلیے مضبوط جال تیار ہونے لگا،راولپنڈی ٹیسٹ کیلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان ہفتے کو ہوگا۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 فروری سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا،ٹی 20سیریز میں مہمان ٹیم کی کارکردگی غیرمعیاری رہی اورماہرین کو ٹیسٹ اسکواڈ سے بھی زیادہ فائٹ کی توقعات وابستہ نہیں ہیں، میچ کیلیے میزبان اسکواڈ کا اعلان ہفتے کی صبح ساڑھے 11بجے ہوگا،کراچی میں آئی لینڈرز کو زیر کرنے والی ٹیم میں زیادہ اکھاڑ پچھاڑ کا امکان نہیں، صرف 1یا2 تبدیلیوں ہوسکتی ہیں۔

عثمان شنواری کی جگہ محمد موسیٰ کو آزمائے جانے کا امکان ہے، پیسر نے سری لنکا کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں حصہ لیا لیکن کراچی میں میچ کیلیے ڈراپ کردیا گیا تھا، آل راؤنڈر فہیم اشرف کا نام بھی زیر غور ہے، ان کی شمولیت کیلیے عمران خان سینئر کو ڈراپ کرنا پڑے گا، پیسر سری لنکا سے سیریز کے اسکواڈ میں شامل رہے لیکن کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

دوسری جانب قذافی اسٹیڈیم میں جاری سہ روزہ پریکٹس میچ کے دوسرے دن اظہر علی الیون نے 5وکٹ پر 320رنزکے ساتھ نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا،محمد رضوان اپنا اسکور 45سے 59تک پہنچانے کے بعد ریٹائر ہوئے، فہیم اشرف گذشتہ روز کے اسکور 21 میں اضافہ کرتے ہوئے40 تک پہنچے تھے کہ محمد موسیٰ نے بولڈ کردیا،ٹیم نے 7وکٹ پر 359رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، محمد موسیٰ3وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے، بلال آصف نے ایک شکار کیا، عمران خان سینئر، عثمان شنواری اور کاشف بھٹی کوئی وکٹ نہ حاصل کرپائے۔ جواب میں حارث سہیل الیون اچھا آغاز نہیں کرسکی۔

ذیشان ملک صرف ایک رن بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے،امام الحق(6)کو محمد عباس نے محمد رضوان کا کیچ بنوایا،فیضان ریاض(19) کو نسیم شاہ نے فہیم اشرف کی مدد سے میدان بدر کردیا،اشفاق احمد پُراعتماد 64 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند شان مسعود کے ہاتھوں میں پہنچاکر رخصت ہوئے، عدنان اکمل کھاتہ کھولنے سے قبل ہی یاسر شاہ کی گیند محمد رضوان کے گلوز میں پہنچا بیٹھے، فواد عالم 38رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، حارث سہیل الیون نے 6 وکٹ پر178رنز بنائے، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ نے اچھی فارم اور فٹنس کا مظاہرہ کیا، پیسرز ردھم میں نظر آئے۔

فہیم اشرف نے بیٹ کے بعد بال سے بھی فارم کی جھلک دکھائی، یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔دوسری جانب میچ کے دوران فارغ کرکٹرز کی فٹنس ڈرلز کا سلسلہ بھی جاری رہا،کھلاڑیوں کو ایک طرف بلاکر فیلڈنگ کی خصوصی مشقیں کرائی گئیں،مشکل کیچز بھی تھامے گئے، محمد موسٰی، عدنان اکمل اور دیگر نے طویل سیشن کیا،ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق بیٹسمینوں کی تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے لمبی اننگز کھیلنے کے گُر بتاتے رہے، چند پلیئرز نے جم میں ٹریننگ بھی کی،پریکٹس میچ ہفتے کو بھی جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں