احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کی ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لئے مقرر

دونوں لیگی رہنماؤں کی درخواستیں پیر کو سماعت کے لئے مقرر کی گئی ہیں


ویب ڈیسک February 01, 2020
دونوں لیگی رہنماؤں کی درخواستیں پیر کو سماعت کے لئے مقرر کی گئی ہیں

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کی ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لئے مقرر کردی گئی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جو سماعت کے لئے مقرر کردی گئی ہے۔

شاہد خاقان عباسی کی درخواستِ ضمانت پیر کو سماعت کے لئے مقرر کی گئی ہے جب کہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں دو ررکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔

شاہد خاقان عباسی کو گزشتہ سال لاہور جاتے ہوئے موٹروے پر 18 جولائی کو نیب نے حراست میں لیا تھا جس کے بعد وہ 10 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں رہے اور 11 اکتوبر سے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ انہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نہ تو ان سے کوئی جرم سرزد ہوا اور نہ کسی جرم میں دوسرے کی معاونت کی، نیب کی میرے خلاف کارروائی بد دیانتی اور سیاسی بنیادوں پر مبنی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بھی گزشتہ روز اپنے وکیل اعظم نذیر تارڑ کے ذریعے درخواست ضمانت دائر کی تھی جو پیر کو سماعت کے لئے مقرر کی گئی ہے، درخواست پر سماعت ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں دو ررکنی بنچ کرے گا۔

احسن اقبال ناروال سپورٹس سٹی پراجیکٹ کیس میں اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے، اور انہیں نیب نے گزشتہ سال 23 دسمبر کو گرفتار کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں