لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ راولپنڈی کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دے دیا

سانحہ کی تحقیقات کے لئے تشکیل دیئے جانے والے کمیشن کی سربراہی جسٹس مامون رشید شیخ کریں گے۔


ویب ڈیسک November 17, 2013
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے پنجاب حکومت کی درخواست پر راولپنڈی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کی تحقیقات کے لئے کمیشن تشکیل دیا ہے۔ فوٹو: فائل

پنجاب حکومت کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ راولپنڈی کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن تشکیل دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے پنجاب حکومت کی درخواست پر راولپنڈی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کی تحقیقات کے لئے کمیشن تشکیل دیا ہے جس کی سربراہی جسٹس مامون رشید شیخ کریں گے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس میں دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ یوم عاشور کے موقع پر راولپنڈی میں پیش آنے والے سانحے کے باعث کئی افراد جاں بحق جبکہ قیمتی املاک کو نقصان پہنچا، اس سانحے کے ذمہ داروں کا تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دینا بہت ضروری ہے اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کسی سینئیر جج سے کرائی جائے تاکہ واقعے کے اصل کرداروں کا تعین کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ یوم عاشورکے روز راولپنڈی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ شہر میں اب بھی کشیدگی برقرار ہے اور صورت حال کی بہتری تک کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں