وفاقی وزیر خزانہ سے مذاکرات کامیاب گڈز ٹرانسپورٹرز نے 12 دن سے جاری ہڑتال ختم کردی

گڈز ٹرانسپورٹرز کے تمام مطالبات مان لئے گئے ہیں ٹیکسوں میں کمی کا نوٹی فکیشن پیر کو جاری کردیا جائے گا،اسحاق ڈار


ویب ڈیسک November 17, 2013
وفاقی وزیر خزانہ سے مذاکرات سے مطمئن ہیں اور ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں، چیرمین گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

گڈز ٹرانسپورٹرز نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد 12 روز تک جاری رہنے والی ہڑتال ختم کردی ہے۔

کراچی میں مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو گڈز ٹرانسپورٹرز کی اشد ضرورت ہے، ہڑتال کے خاتمے کے لئے حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان کئی روز سے مذاکرات جاری تھے۔ وہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے مشکور ہیں جنہوں نے قومی مفادات کو مدنظر رکھ کر اچھے ماحول میں بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے تمام مطالبات مان لئے گئے ہیں، ٹیکسوں میں کمی کا نوٹی فکیشن پیر کو جاری کردیا جائے گا، اب ہمیں تلخیوں اور ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیرمین یاسین ملک نے کہا کہ وہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ہونے والے مذاکرات سے مطمئن ہیں،مذاکرات کے دوران تمام مسائل پر بحث ہوئی ہے ہمارے مطالبات تسلیم کر لئے گئے ہیں اور پیر کو نوٹی فکیشن جاری ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، جس کی وجہ سے ملک کی معیشت کی خاطر ہڑتال ختم کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے گزشتہ 12 روز سے ہڑتال کی ہوئی تھی جس کی وجہ سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، اس دوران گڈز ٹرانسپورٹرز کو گورنر سندھ ، چیرمین ایف بی آر اور وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ نے بھی ان کے مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم انہوں نے ہڑتال کا خاتمہ نوٹی فکیشن کے اجرا سے مشروط کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں