پاکستان میں جانوروں کے تحفظ کیلیے متحرک عائشہ چندریگر کی عالمی سطح پر پذیرائی

عائشہ چندریگر کو جنوبی ایشیا کی حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کرنے والی خواتین کیساتھ ایوارڈ سے نوازا گیا


ویب ڈیسک January 28, 2020
عائشہ چندریگر کو جنوبی ایشیا کی حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کرنے والی خواتین کیساتھ ایوارڈ سے نوازا گیا، فوٹو : فائل

پاکستان میں باہمت اور ذہین خواتین کی کمی نہیں جو تمام تر نامساعد حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے دنیا بھر میں اپنے وطن کا نام روشن کرنا خوب جانتی ہیں۔ اپنی صلاحیتوں سے مردوں کو بہت پیچھے چھوڑ دینے والی ملالہ یوسف زئی ، ارفع کریم ، شہید مریم مختار اور ایسی ہی ان گنت مثالیں میرے دیس کے سینے پر چمکتے ستاروں کی مانند ہیں۔ ان ہی میں سے ایک نام عائشہ چندریگر ہے۔

عائشہ چندریگر نے پاکستان میں جانوروں کے تحفظ کے لیے ACF کی داغ بیل ڈالی۔ لاوارث اور پالتو جانوروں کی دیکھ بھال اور پرورش کے علاوہ وہ شہریوں کے لیے جانوروں کی حفاظت، صحت اور استعمال سے متعلق آگاہی مہم بھی چلاتی ہیں۔ عائشہ چندریگر کی انہی خدمات کو دیکھتے ہوئے انہیں جنوبی ایشیا میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی حیرت انگیز اور قابل رشک خواتین کے ساتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔

ایک چھوٹے سے پلیٹ فارم سے کام شروع کرکے عالمی پذیرائی حاصل کرنے والے ادارے ACF کی سربراہ عائشہ چندریگر نے فیس بک پر یہ سفر 6 سال قبل شروع کیا تھا تو صرف ان کے 6 فالورز تھے اور آج ان کی انتھک محنت ایسے رنگ لائی کہ فیس بک کے ہیڈ کوارٹر میں خطاب کرنے اور اپنی کامیابی کی کہانی شیئر کرنے کا موقع ملا۔ اپنی فیس بک پوسٹ میں کامیابی کے سفر کی مختصر سی کہانی بیان کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ

'ہم جیت گئے !!!' پاکستان میں جانوروں کے تحفظ کے لئے ہماری کاوشوں کو سراہنے پر فیس بک سان فرانسسکو اور یوسی-برکلے کا بہت بہت شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہماری کاوشوں سے پاکستان میں جانوروں کے لیے ہمدردی کے جذبے اور ان کی حفاظت و پرورش کے لیے بوسیدہ خیالات تبدیل ہوئے اور شہریوں میں جانوروں سے محبت کے جذبے میں اضافہ ہوا۔



جانوروں کے تحفظ کے لیے ہمیں اپنی کاوشوں کے بلند معیار عالمی سطح پر سراہے جانے پر فخر ہے، اس سے بڑھ کر ہمارے لیے یہ اعزاز بھی کم نہیں کہ جنوبی ایشیا کی اپنی صلاحیتوں اور کام سے حیرت میں مبتلا کردینے والی قابل خواتین کے ساتھ ہمیں نامزد کیا گیا۔

اپنی کامیابی پر انہوں نے ہر اس شخص کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے سفر میں مدد یا حوصلہ افزائی کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں