انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی، لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کے ٹیسٹ کیریئر کا اختتام 18 ویں نمبر پر ہوا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کھلاڑیوں کی ٹیسٹ ریکنگ کی پہلی اور دوسری پوزیشنز پر پاکستانی شاہینوں کو دھول چٹانے والے جنوبی افریقا کے کھلاڑی قبضہ کئے ہوئے ہیں۔ بلے بازوں کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر اے بی ڈی ویلیئر اور دوسرے نمبر پر ہاشم آملہ جب کہ بالرز کی فہرست میں ڈیل اسٹین پہلے اور ویرنن فلنڈر دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
بہترین بلے بازوں کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے چندرپال، چوتھےنمبر پر سری لنکا کے کمار سنگا کارا، پانچویں نمبر پر آسٹریلیا کے مائیکل کلارک، چھٹے نمبر پر بھارت کے چتیشور پجارا جب کہ ساتویں نمبر پاکستانی کپتان مصباح الحق اور یونس خان نویں نمبر پر ہیں۔ ٹیسٹ میچز کی ڈبل سینچری کرنے کے بعد کرکٹ کو خیرباد کہنے والے بھارتی کرکٹ کے بھگوان لٹل ماسٹر سچن ٹینڈولکر بہترین بلے بازوں کی فہرست میں 18 ویں نمبر پر ہیں۔
ٹیسٹ میچز کے بہترین بالرز کی فہرست میں جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین پہلے اور ویرنن فلنڈر دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ سری لنکا کے رنگانا ہراتھ تیسرے، پاکستان کے سعید اجمل چوتھے اور بھارت کے روی اشون پانچویں نمبر پر ہیں۔ بہترین بالرز کی فہرست میں پاکستان عبدالرحمن 12 ویں جب کہ عمر گل کا 22 واں نمبرہے۔