پی ایس ایل 5 رومان اسٹین کے ساتھ بولنگ کے منتظر

تجربہ ہمارے لیے فائدہ مند ہوگا، قومی ٹیم میں واپسی کیلیے پرعزم ہوں، پیسر


Sports Reporter February 03, 2020
راولپنڈی میں ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کیلیے پرجوش ہیں،علی نقوی

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر رومان رئیس جنوبی افریقی پیسرڈیل اسٹین کے ساتھ بولنگ کرنے کے خواہاں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ میں تجربے کی وجہ سے ڈیل اسٹین کے ساتھ بولنگ کرنے کا منتظرہوں، وہ طویل عرصے تک دنیا کے بہترین بولر رہے ہیں اور ہماری ٹیم میں ایسے کھلاڑی کا ہونا ہمارے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

پیسر کے مطابق میں لیگ کے دوران اپنی عمدہ فارم اور فٹنس کو ثابت کر کے ایک بار پھر قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے لیے بھی پرعزم ہوں، اسلام آباد یونائیٹڈ کے اونر علی نقوی کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان بالخصوص راولپنڈی میں اپنے کراؤڈ کے سامنے پورے پی ایس ایل کو کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں، پاکستان میں پورا پی ایس ایل اس لیگ کو دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک بنانے کی سمت بڑا قدم ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا جادو سرچڑھ کر بولنے لگا ہے، لیگ کا حصہ بننے والا ہرکھلاڑی اپنی عمدہ کارکردگی سے شائقین کرکٹ کے دلوں پر راج کرنے کا خواہشمند ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر رومان رئیس بھی جنوبی افریقی پیسرڈیل اسٹین کے ساتھ بولنگ کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان کی کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ''کرکٹ کارنر ود سلیم خالق''سے خصوصی انٹرویو میں رومان رئیس نے کہا کہ اسٹین کا تجربہ پوری ٹیم کے لیے بہت فائدہ مند ہوگا، میں بین الاقوامی کرکٹ میں تجربے کی وجہ سے ڈیل اسٹین کے ساتھ بولنگ کرنے کا منتظر ہوں، وہ طویل عرصے تک دنیا کے بہترین بولررہے ہیں اور ہماری ٹیم میں ایسے کھلاڑی کا ہونا ہمارے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جو پی ایس ایل کے آخری ایڈیشن کے بعد سے ایکشن میں دکھائی نہیں دیے ، لیگ کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہم پی ایس ایل 5 میں حصہ لینے سے بہت پرجوش ہیں، خاص کر اس وجہ سے کہ میں کم بیک کر رہا ہوں، میں لیگ کے دوران اپنی فارم اور فٹنس کو ثابت کرنے کا خواہاں ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ایک بار پھر پاکستان کی طرف سے کھیلوں گا۔

دوسری طرف ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی اس حقیقت سے پرجوش ہیں کہ اس سال پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہورہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان بالخصوص راولپنڈی میں اپنے کراؤڈ کے سامنے پورے پی ایس ایل کو کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں، پاکستان میں پورا پی ایس ایل اس لیگ کو دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک بنانے کی سمت بڑا قدم ہے۔یاد رہے کہ پی ایس ایل 5 کے تمام 34 میچز 20 فروری سے 22 مارچ تک ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

علی نقوی نے شاداب کو فرنچائزٹیم کا کپتان بنانے کی وجہ بتادی

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے شاداب خان کو ٹیم کپتان بنانے کی وجہ بتادی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ شاداب نوجوان کھلاڑی ہیں لیکن ہم صرف اپنی فرنچائز کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کی قومی ٹیم کے لیے بھی کھلاڑیوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کررہے ہیں اور یہ فیصلہ اس کا ایک حصہ بھی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے گذشتہ سیزن میں بھی شاداب کی قائدانہ صلاحیتوں کا تجربہ کیا تھا اور انھوں نے اس کردار میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں