ادرک بھی نایاب فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ گئی

پیاز کی قیمت بدستور 60روپے اور آلو80روپے کلو کے حساب سے بک رہا ہے


Business Reporter November 18, 2013
پیاز کی قیمت بدستور 60روپے اور آلو80روپے کلو کے حساب سے بک رہا ہے۔ فوٹو: فائل

آلو، پیاز ٹماٹر کے بعد اب ادرک بھی نایاب ہوگئی، سبزی فروشوں نے یکدم دام دگنے کردیے فی کلو قیمت320روپے تک پہنچ گئی۔

شہر میں اشیائے خورونوش کی من مانی قیمت پر فروخت جاری ہے، اس مرتبہ سبزی فروشوں نے قیمتوں کے نئے ریکارڈ قائم کردیے، ٹماٹر 200روپے کلو کی بلند ترین سطح چھونے کے بعد اب 160 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے، پیاز کی قیمت بدستور 60 روپے کلو وصول کی جارہی ہے، آلو50سے80روپے کلو قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے، پرانی فصل کا ذخیرہ کیا گیا آلو 50 روپے کلو اور نیا آلو80روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے، عیدالاضحی سے قبل ادرک 160روپے کلو فروخت کیا جارہا تھا جو اب 320روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے، محرم الحرام کے دوران حلیم کے ساتھ ادرک استعمال کیے جانے سے ادرک کی طلب میں کئی گنا اضافہ دیکھا گیاہے جس سے فائدہ اٹھاکر سبزی فروشوں نے ادرک کے نرخ بھی بڑھادیے، شہر میں سبزی فروخت کرنے والوں کے پاس ہر سوال کا ایک ہی جواب ہے کہ مال منڈی میں مہنگا بک رہا ہے۔



ادھر سبزی کی سرکاری قیمتیں حیران کردینے والی ہیں عاشورہ کی تعطیلات سے قبل 12نومبر کی سرکاری پرائس لسٹ میں آلو کی زیادہ سے زیادہ قیمت 41روپے کلو، چھوٹا آلو 31روپے کلو مقرر ہے تاہم شہر بھر میں چھوٹا بڑا ہر قسم کا پرانا آلو 50روپے کے ایک ہی دام پر فروخت ہورہا ہے، اسی طرح سرکاری نرخ نامے میں چھوٹی پیاز کی خورہ قیمت 45روپے اور بڑی پیاز کی قیمت 51روپے کلو مقرر ہے تاہم شہر میں پیاز 50 سے 60روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے، ٹماٹر درجہ اول کی قیمت 70روپے کلو مقرر ہے جو مارکیٹ ریٹ سے 110روپے تک کم ہے، درجہ دوم ٹماٹر کی قیمت 68روپے کلو مقرر ہے، یہ ٹماٹر شہر میں160روپے کلو فروخت ہورہا ہے، شہر بھر میں 320روپے کلو فروخت کی جانیوالی ادرک کی سرکاری قیمت 176روپے درجہ دوم ادرک کی قیمت 146روپے فی کلو مقرر ہے تاہم شہر بھر میں ادرک بھی سرکاری قیمت سے کہیں زیادہ پر فروخت ہورہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |