غربت کے خاتمے کیلیے ملکر کام کرنے پر دولت مشترکہ کا اتفاق

رکن ممالک نے عالمی خطرات سے نمٹنے سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط کیے، سری لنکن صدرمہندرا راجا پاکسے کا خطاب

رکن ممالک نے عالمی خطرات سے نمٹنے سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط کیے، سری لنکن صدرمہندرا راجا پاکسے کا خطاب

دولت مشترکہ کے رکن ممالک نے غربت میں کمی، اقتصادی ترقی اور عالمی خطرات سے نمٹنے سمیت تعاون اور اتحاد قائم کرنے سے متعلق معاہدوں پر دستخط کردیے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتوارکوسری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں منعقدہ دولت مشترکہ کا سہ روزہ سربراہی اجلاس اپنے اختتام کو پہنچ گیا، اجلاس کے اختتام پر سری لنکا کے صدر مہندرا راجاپاکسے نے معاہدوں اور سمجھوتوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ نتیجہ خیز مذاکرات کے بعد رکن ممالک نے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اجلاس کے اختتامی روز آسٹریلیا کے وزیر اعظم ٹونی ایبٹ نے بھی کامن ویلتھ کی چیئرمین شپ سری لنکا کو سونپتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ انسانی حقوق کے ریکارڈ کے حوالے سے مزید وضاحت کی ضرورت ہے۔




اجلاس کے اختتام پر کامن ویلتھ ہیڈز آف گورنمنٹ میٹنگ کے سیکریٹری جنرل کملیش شرما نے اعلان کیا کہ مالٹا کے وزیر اعظم کی دعوت پر کامن ویلتھ کا اگلا اجلاس 2015 میں مالٹا میں منعقد ہو گا۔ کامن ویلتھ ان ممالک کی تنظیم ہے جو سابقہ طور پر زیادہ تر برطانیہ کی کالونیاں تھیں۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق کا کہنا تھا کہ اس اجلاس کے انعقاد سے کامن ویلتھ کی روح اور آدرشوں کو تقویت ملی ہے، جن میں جمہوریت، قانون کی بالا دستی اور انسانی حقوق اہم ستونوں کی حیثیت رکھتے ہیں۔
Load Next Story