کورونا وائرس کا شکار والد سے علیحدہ ہونے کے باعث معذور بیٹا ہلاک

چینی حکومت نے غفلت کا مظاہرہ کرنے پر دو افسران کو برطرف کردیا


ویب ڈیسک February 04, 2020
چینی حکومت نے غفلت کا مظاہرہ کرنے پر دو افسران کو برطرف کردیا

چین میں کورونا وائرس کا شکار والد کو قرنطینہ میں لے جانے کے باعث گھر میں اکیلا رہ جانے والا معذور بچہ حکومتی لاپروائی کے نتیجے میں ہلاک ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ وسطی صوبے ہوبئی میں 16 سالہ معذور بچہ یان شینگ اپنے والد اور بھائی کے ساتھ رہتا تھا۔ یان شینگ کا والد اس کی دیکھ بھال کرنے والا واحد شخص تھا۔

ایک ہفتہ قبل اس کے والد اور بھائی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس پر حکام نے دونوں کو زبردستی کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے اسپتال میں (قرنطینہ) بند کردیا۔

اس کے نتیجے میں یان شینگ گھر میں تنہا رہ گیا اور کوئی اس کی دیکھ بھال کرنے والا اور کھلانے پلانے والا نہ رہا جس کے نتیجے میں ایک ہفتے بعد وہ موت کے منہ میں چلاگیا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق اس ایک ہفتے کے دوران وہ صرف دو بار کچھ کھاسکا۔



چینی حکومت نے غفلت کا مظاہرہ کرنے پر دو افسران کو برطرف کردیا ہے جن میں علاقے کی مقامی کمیونسٹ پارٹی کا سیکرٹری اور میئر شامل ہیں۔ چین میں اس واقعے کی خبر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی اور شہریوں نے شدید دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔

یان شینگ کی موت سے قبل اس کے والد نے چینی سوشل میڈیا ویب سائٹس پر بچے کے لیے مدد کی اپیل بھی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا بیٹا خوراک اور پانی کے بغیر ہے۔

واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے 361 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 17 ہزار سے زائد متاثر ہیں جنہیں قرنطینہ یعنی دوسروں سے علیحدہ کردیا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |