گرین پاکستان پروگرام پنجاب میں تین بڑے منصوبے شروع کرنےکا اعلان

جنگلی حیات کی پروٹیکشن، کنزرویشن، ڈویلپمنٹ اور وائلڈلائف سیاحت کے حوالے سے بھی مختلف منصوبے شروع کئے جارہے ہیں

گرین پاکستان پروگرام کے تحت ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں لاکھوں نئے درخت لگائے گئے ہیں فوٹوفائل

گرین پاکستان پروگرام کے تحت پنجاب میں محکمہ تحفظ جنگلی حیات تین بڑے منصوبے شروع کرنے جارہا ہے جن میں نمل جھیل کی ڈویلپمنٹ اوربحالی، ہیڈبلوکی میں وائلڈلائف ریزور اورچولستان میں کالے ہرن کی بریڈنگ کا منصوبہ شامل ہے۔

گرین پاکستان پروگرام کے تحت ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں جہاں لاکھوں نئے درخت لگائے گئے ہیں وہیں جنگلی حیات کی پروٹیکشن ،کنزرویشن اورڈویلپمنٹ اوروائلڈلائف سیاحت کے حوالے سے بھی مختلف منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ ان میں میانوالی میں واقع میں نمل جھیل کوسیاحت اوروائلڈلائف کے حوالے سے بہترین مقام بنانے کے منصوبے کا سنگ بنیادرواں ماہ رکھاجائے گا۔

گرین پاکستان پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹرمیاں حفیظ احمد نے بتایا کہ نمل جھیل اوراچھالی کمپلیکس میں متعددترقیاتی کام شروع کروائے جائیں گے۔ یہاں چارقدرتی جھیلیں ہیں جہاں ہرسال سائبیریاسے لاکھوں مہاجرپرندے آتے ہیں۔ منصوبے کے تحت ان جھیلوں کی صفائی، وائلڈلائف پروٹیکشن کے حوالے سے اقدامات سیاحوں کے لئے ریزارٹس بنائے جائیں گے۔یہ وہ مقام ہے جسے رامسرمعاہدے کے تحت عالمی سطح پرپذیرائی حاصل ہے۔

میاں حفیظ احمد نے بتایا کہ دوسرامنصوبہ جواسی ماہ شروع ہونے جارہا ہے وہ ہیڈبلوکی کے مقام پر وائلڈلائف گیم ریزورکا قیام ہے۔ یہاں سیاحوں کی بڑی تعدادآتی ہے تاہم اب پنجاب وائلڈلائف 732 ایکڑ پرمشتمل رقبے پر یہاں ریزارٹس بنائے گااوراس جگہ کو سیاحت کے حوالے سے بہترین مقام بنایاجائے گا۔


تیسرابڑامنصوبہ چولستان میں کالے ہرنوں کی افزائش کوبڑھاناہے۔میاں حفیظ احمد کہتے ہیں کہ کالاہرن بنیادی طورپر چولستان کا مقامی جانورتھا جوبڑھتی ہوئی آبادی، قدرتی مساکن کے فقدان کی وجہ سے ناپیدہوچکاہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے کالاہرنکئی دوسرے ممالک میں بھیجاگیاجہاں وہ بریڈکررہا ہے لیکن ہمارے یہاں مقامی طورپرکالاہرن معدومی سے دوچارہے۔

انہوں نے بتایا کہ چولستان میں کالے ہرن کی بریڈنگ کے لئے سینٹربنایاجائے گاجہاں ڈی این اے سرٹیفائیڈ بریڈ لے کرمقامی بریڈ کے ساتھ کراس کروائی جائے گی۔ اورپھریہ کالاہرن جنگل میں چھوڑاجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ جس طرح چولستان میں چنکارہ ہرن اب بڑی تعدادمیں موجودہے اسی طرح یہاں کالاہرن دکھائی دے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیدہے وزیراعظم عمران خان ان منصوبوں کا سنگ بنیادرکھیں گے۔ یہ منصوبے رواں سال شروع ہوجائیں گے۔

وائلڈلائف حکام کےمطابق پنجاب میں دواوربڑے منصوبے شروع کئے جائیں گے جن میں چیچہ وطنی کے جنگل میں صوبے کا سب سے بڑااورجدیدبریڈنگ فارم بنایاجائے گا۔ یہاں صوبے کے تمام چڑیاگھروں اوروائلڈلائف پارکوں میں موجود ملکی اورغیرملکی جانوروں ، پرندوں کی بریڈنگ مقامی سطح پرکی جائے گی اورہمیں یہ بیرون ممالک سے نایاب نسل کے جانوراورپرندے نہیں منگوانے پڑیں گے۔

اسی طرح پنجاب کے 14 وائلڈلائف پارکوں میں موجود نایاب نسل کے جانوروں اورپرندوں کو کمپیوٹرائزڈچپس لگائی جائیں گے۔ ان چپس کی مدد سے ان جانوروں اورپرندوں کے معمولات کوسمجھنے میں آسانی ہوگی، ان میں موجودبیماریوں اورصحت سے متعلق درست اورسائنسی بنیادوں پرمعلومات حاصل ہوسکیں گی جن کی روشنی میں ان جانوروں اورپرندوں کی افزائش میں بہتری کے لئے اقدامات اٹھانے میں آسانی ہوگی۔

Load Next Story