چندیگر روڈ پولیس مقابلے میں برطرف پولیس اہلکار جاں بحق

ٹریکر کی مدد سے اے سی ایل سی کی کار چوروں کے خلاف کارروائی

ٹریکر کی مدد سے اے سی ایل سی کی کار چوروں کے خلاف کارروائی ۔ فوٹو: فائل

آئی آئی چندریگر روڈ پر پولیس مقابلے کے دوران اینٹی کار لفٹنگ سیل کا برطرف سپاہی جاں بحق ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق نیو ٹائون کے علاقے سے نامعلوم مسلح ملزمان نے کار چھینی اور فرار ہوگئے جس کی فوری طور پر پولیس میں رپورٹ کرادی گئی ، نیو ٹائون پولیس نے اینٹی کار لفٹنگ سیل کو مطلع کیا جس نے ٹریکر کمپنی کی خدمات حاصل کیں ، ٹریکر کی بدولت گاڑی کی پوزیشن معلوم کرکے پولیس پارٹی فوری کارروائی کرتے ہوئے آئی آئی چندریگر روڈ پہنچی جہاں نجی بینک کے مرکزی دفتر کے سامنے موجود ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی ۔

فائرنگ سے شفیق شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ، اے سی ایل سی پولیس کے مطابق مقتول شفیق برطرف تھا ، کارروائی پر جاتے ہوئے وہ بھی پولیس پارٹی کے ہمراہ چلا گیا تھا ، شفیق کی عمر 30 برس تھی اور وہ ایئرپورٹ کے علاقے بھٹائی آباد کا رہائشی تھا ْ


میٹھادر پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 138/12 بجرم دفعہ 302/34 ، 354 اور 324 کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ، ذرائع نے بتایا کہ شفیق اے سی ایل سے برطرف تھا لیکن اس وقت وہ اے سی ایل سی کے لیے مخبری کا کام کررہا تھا۔دریں اثنا پیرآباد پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ۔

ملزمان پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے، پیرآباد پولیس نے کنواری کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ، ایس ایچ او پیرآباد اشفاق بلوچ نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے 2 ملزمان گل ٹکر ولد نادر خان اور اقبال کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم گل کا تعلق افغانستان جبکہ ملزم اقبال کا تعلق سوات سے ہے ، اشفاق بلوچ نے بتایا کہ ملزمان پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ۔

 
Load Next Story