کراچی میں پولیس موبائل پرنامعلوم افراد کی فائرنگ 2 اہلکار جاں بحق ایک زخمی

پولیس اہلکار معمول کے فرائض کی انجام دہی کے لئے موبائل میں بیٹھے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ شروع کردی


ویب ڈیسک November 18, 2013
وزیراعلی سندھ نے بھی فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے،فوٹو: آن لائن فائل

ناظم آباد نمبر 2 میں پولیس موبائل پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نیتجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ناظم آباد نمبر دو میں رضویہ تھانے کی موبائل پر2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے اس وقت فائرنگ شروع کردی جب پولیس اہلکار علاقے میں موجود سی این جی اسٹیشن کے قریب معمول کے فرائض کی انجام دہی کے لئے موبائل میں بیٹھے تھے،فائرنگ کے نتیجے میں2 اہلکارموقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک سب انسپکٹر زخمی ہوگیا جنہیں طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان فرار ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کے اعلی افسران موقع پر پہنچ گئے اور علاقے میں پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا ،جس کے بعد ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی گئی جبکہ دوسری جانب وزیراعلی سندھ نے بھی فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں۔ایڈیشنل آئی جی نےاس بات کا امکان ظاہر کیا کہ اہلکاروں کو مارنے میں جہادی عناصر بھی ملوث ہوسکتے ہیں،اس موقع پر شاہد حیات نے افسران سے استفسار کیا کہ پولیس اہلکاروں کے لیے 400 بلٹ پروف جیکٹس بنا کردی گئی ہیں تو اہلکاروں نے یہ جیکٹس کیوں نہیں پہنی تھیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 9 محرم الحرام سے ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے جس میں دو بار توسیع کی جاچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں