قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے کشمیری نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد

بھارتی فوج نوجوان کو 22 جنوری کے سرچ آپریشن کے دوران گولیاں مار کر زخمی حالت میں اپنے ہمراہ لے گئی تھی


ویب ڈیسک February 07, 2020
بھارتی فوج نے 22 جنوری کو فائرنگ کرکے نوجوان کو زخمی کردیا تھا، فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں 22 جنوری کو سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے کشمیری نوجوان کی تشدد زدہ لاش جنگلات سے برآمد ہوئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ کے جنگلات سے ایک نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ لاش پر گولیوں کے نشانات بھی تھے۔ چرواہوں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر لاش کو شناخت کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں لواحقین نے لاش کو شناخت کرلیا ہے، نوجوان کو اوانتی پورہ کے علاقے زین تراگ میں بھارتی فوج نے 22 جنوری کو سرچ آپریشن کے دوران گولیاں مار کر زخمی کردیا تھا اور اپنے ہمرہ لے گئی تھی۔

نوجوان کی شناخت کے بعد علاقہ مکینوں نے بھارتی فوج کی جارحیت کیخلاف اور پاکستان کے حق میں شدید نعرے بازی کی جب کہ پلوامہ، اوانتی پورہ اور ترال میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، جس سے درجنوں کشمیری زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب حریت رہنماؤں نے شہدائے کشمیر محمد افضل گورو اور مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر 9 اور 11 فروری کو مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے وادی بھر میں بھاری تعداد میں نفری کو تعینات کردیا گیا ہے، کئی علاقوں میں تاحال انٹرنیٹ سروس معطل، ذرائع آمد ورفت موقوف اور کاروباری سرگرمیاں بند ہیں جس کے باعث کشمیری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں