انڈر 19 ورلڈ کپ تیسری پوزیشن پاکستان کا آج کیویز سے معرکہ

کمر کی تکلیف سے دوچار پیسر طاہر حسین میچ میں شرکت نہیں کرپائینگے، ہیڈ کوچ


Sports Reporter February 08, 2020
کمر کی تکلیف سے دوچار پیسر طاہر حسین میچ میں شرکت نہیں کرپائینگے، ہیڈ کوچ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: انڈر 19 ورلڈ کپ ٹائٹل کی آس ٹوٹ جانے کے بعد پاکستان ٹیم تیسری پوزیشن کیلیے معرکے میں محرومی کا احساس کم کرنے کی کوشش کریگی تاہم آج نیوزی لینڈ کی دیوار گرانا ہوگی۔

روحیل نذیر کی زیرقیادت پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کوآئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میچ میں ناکامی کے باعث پاکستان تیسری مرتبہ آئی سی سی انڈر19 ورلڈکپ جیتنے کا خواب پورا نہیں کر سکا، تاہم اب تیسری پوزیشن کیلیے پاکستانی ٹیم ہفتے کو کیویز سے ٹکرائے گی، جنھیں دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش سے مات ہوئی ہے، قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کیلیے پرعزم ہے۔

ٹیم مینجمنٹ کے مطابق اسکواڈمیں شامل تمام کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کرکے بھارت سے شکست کا غم بھلانا چاہتے ہیں۔میچ کیلیے قومی انڈر 19 ٹیم میں ایک تبدیلی متوقع ہے،کمر کی تکلیف کے باعث فاسٹ بولرطاہر حسین نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں شرکت نہیں کرینگے،ان کے متبادل کا فیصلہ میچ کے روز کیا جائے گا۔

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، انھوں نے کہاکہ پاکستان ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کیلیے یہ میچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریگا۔

اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم منیجمنٹ نے کھلاڑیوں کو باور کرایا ہے کہ ہر دن ایک نیا دن ہوتاہے اور وہ گذشتہ شکست کو ذہن سے نکال کر آئندہ میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے توجہ دیں، مایوسی کی بجائے بہترین اختتام بھی کھلاڑیوں کی ڈویلپمنٹ کا اہم حصہ ہے۔ہیڈ کوچ قومی انڈر 19 ٹیم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف کامیابی حاصل کرکے پاکستان ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرسکتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں