راولپنڈی ٹیسٹ دوسرا دن پاکستان کو بنگلادیش پر 109 رنز کی برتری حاصل

بنگلادیش کی پہلی اننگز میں 233 رنز کے جواب میں پاکستان نے 3 وکٹ پر 342 رنز بنالیے ہیں

قومی ٹیم کی جانب سے بابراعظم اور شان مسعود نے سنچریاں اسکور کیں - فوٹو: پی سی بی

راولپنڈی ٹیسٹ میں دوسرے روز پاکستان نے بنگلادیش کے 233 رنز کے جواب میں 3 وکٹ کے نقصان پر 342 رنز بنالیے ہیں یوں پہلی اننگز میں گرین شرٹس کو 109 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

راولپنڈی میں ہونے والے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر مشتمل پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بنگلادیش 233 رنز بناکر آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں پاکستان نے دوسرے دن کے اختتام پر بابراعظم 143 اور اسد شفیق 60 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر عابد علی کھاتہ کھولے بغیر ابو جاوید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، کپتان اظہر علی 34 رنز ہی بناسکے جب کہ شان مسعود نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی لیکن وہ اپنی اننگز کو مزید آگے نہ بڑھا سکے اور 100 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم نے بھی ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور ان کے ساتھ موجود اسدشفیق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، دونوں بلے باز بالترتیب 143 اور 60 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔


یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ؛ بنگلادیش پہلی اننگز میں 233 رنز پر آؤٹ

قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض اظہر علی سرانجام دے رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، عابد علی، بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں جبکہ فواد عالم کو ایک بار پھر نظرانداز کردیا گیا ہے۔

بنگلادیشی ٹیم کی قیادت مومن الحق کررہے ہیں اور دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال، سیف حسن، نجم الحسین، محمد متھن، محمد اللہ، لٹن داس، تیج الاسلام، روبیل حسین، ابو جاوید اور عباد حسین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلادیش نے پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے ہیں۔
Load Next Story