تھائی لینڈ فوجیوں سمیت 26 افراد کو قتل کرنے والا جنونی اہلکار کمانڈوز کی فائرنگ سے ہلاک

جنونی اہلکار نے فوجی اڈے میں 3 ساتھیوں اور شاپنگ مال میں 23 افراد کو نشانہ بنایا اور فیس بک پر براہ راست نشر بھی کیا

جنونی تھائی فوجی اہلکار نے قتل عام کرنے کی ویڈیو فیس بک پر براہ راست نشر بھی کی، فوٹو : سوشل میڈیا

ISLAMABAD:
فوجی اڈے میں اپنے 3 ساتھیوں کو قتل کر کے آتشیں اسلحہ اور بکتر بند گاڑی چھین کر شاپنگ مال پر اندھا دھند فائرنگ سے 26 افراد کو قتل اور شہریوں کو 17 گھنٹے تک یرغمال بنانے والے جنونی فوجی اہلکار کو کمانڈوز نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ میں ناخون راتچاسیما فوجی اڈے میں تعینات 32 سالہ اہلکار جکراپنتھ تھوما نے آتشیں اسلحہ چھیننے کے دوران مزاحمت کرنے پر اپنے کمانڈر سمیت 3 ساتھیوں کو گولیاں مار کر قتل کرنے کے بعد فوجی گاڑی چھین کر فرار ہوگیا، راستے میں پیچھا کرنے والے ایک راہگیر کو بھی موت کے گھاٹ اتارا اور بدھ مت کی عبادت گاہ 'پگوڑا' پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

بعد ازاں جنونی اہلکار نے قریبی شاپنگ مال میں گھس کر شہریوں پر گولیاں برسادیں اور ایک فلور میں موجود شہریوں کو یرغمال بنالیا۔ جنونی اہلکار کو منانے کی ہر ممکن کوشش میں ناکامی کے بعد پولیس اور فوج نے مشترکہ آپریشن کیا تاہم وہ بھی کامیاب نہیں ہوسکے جس کے بعد کمانڈوز کو طلب کیا گیا جنہوں نے جنونی اہلکار کو گولی مار کر ہلاک کردیا اور شہریوں کو بازیاب کرالیا۔


جنونی اہلکار جکرا پنتھ تھوما نے فوجی اڈے سے باہر نکلتے ہی اپنی ساری کارروائی کو براہ راست فیس بک پر نشر کیا اور شہریوں پر گولیاں برسانے کی تصاویر بھی فیس بک پر شیئر کیں، کسی پوسٹ میں اس نے لکھا میں ' بہت تھک گیا ہوں' اور ایک پوسٹ پر ہلاک شہریوں کی تصویر شیئر کرکے لکھا کہ ' سب کو ایک نہ ایک دن مرنا ہے'۔ تاہم فیس بک نے جنونی اہلکار کی ہولناک ویڈیو اور تصاویر فوری حذف کردی تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ 32 سالہ جکراپنتھ تھوما نجی مسائل اور ذاتی رنجشوں کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور شاید اسی دباؤ کی وجہ سے جنونی کیفیت میں مبتلا ہوا تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ انکوائری مکمل ہونے کے بعد تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس مارچ میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر آسٹریلوی نژاد انتہا پسند شخص نے آتشیں اسلحے سے اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 50 نمازی شہید اور 20 شدید زخمی ہوگئے تھے۔ جنونی شخص نے بھی اپنی سفاکانہ کارروائی کو فیس بک پر لائیو نشر کیا تھا۔
Load Next Story