سانحہ راولپنڈی میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ

راولپنڈی کی متاثرہ مارکیٹ کی بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے گا اور حکومت تمام متاثرہ افراد کی مدد کرے گی،رانا ثنا اللہ


ویب ڈیسک November 19, 2013
پرامن احتجاج سب کا حق ہے اور حکومت سانحے کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والوں کو سیکیورٹی فراہم کرے گی، رانا ثنا اللہ فوٹو: ایکسپریس نیوز

LONDON: وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی کے لئے قائم کی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنا کام شروع کردیا ہے اور سانحے میں ملوث افراد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سربراہ جسٹس مامون رشید راولپنڈی آگئے ہیں اور ان کی سربراہی میں کمیٹی نے اپنا کام شروع کردیا ہے اور کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ پر ہی کچھ تبادلے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کمیٹی سے عدالتی رپورٹ 30 دن میں مکمل کرنے کی درخواست کی ہے اور حتمی رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد جو بھی اس میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی متاثرہ مارکیٹ کی بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے گا اور حکومت تمام متاثرہ افراد کی مدد کرے گی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے امن قائم رکھنے اور سانحے پر صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے پر تمام مکتبہ فکر کے علما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لئے علمائے کرام کا کردار قابل تحسین ہے اورجب امن ہوگا تو دہشت گردوں کو بھی کٹہرے میں لانے میں آسانی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم عاشور والے دن سانحہ پیش آنے کے بعد بعض اہلکاروں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کام کیا لیکن جنہوں اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتی وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے اور حکومت سانحے کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والوں کو سیکیورٹی فراہم کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں