’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی راہ سے ساری رکاوٹیں ختم مقدمات واپس

’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ کی پروڈیوسر نے فلم کیخلاف مقدمات واپس لیے جانے کی تصدیق کی ہے

سرور بھٹی کی جانب سے ہدایت کار بلال لاشاری اور پروڈیوسر عمارہ حکمت پر کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا دعویٰ دائر کیاگیاتھا فوٹوفائل

گزشتہ 2 برسوں سے قانونی مسائل کا شکار فلم ''دی لیجنڈ آف مولا جٹ '' کے خلاف تمام قانونی کیسز واپس لے لیے گئے۔

فلم ''دی لیجنڈ آف مولا جٹ'' کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اوریجنل فلم ''مولاجٹ'' کے پروڈیوسرکی جانب سے ان کی فلم کے خلاف تمام قانونی کیسز واپس لے لیے گئے ہیں اور وہ ان کیسز سے دستبردار ہوگئے ہیں۔



فلم ''دی لیجنڈ آف مولا جٹ'' اپنے اعلان کے بعد سے ہی مسلسل تنازعات کا شکار ہے۔ فلم میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اورحمائمہ ملک جیسے سپر اسٹارز نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں یہی وجہ ہے کہ شائقین کو اس فلم کا بے چینی سے انتظار تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت کا 'دی لیجنڈ آف مولاجٹ' کو بدنام کرنے سے روکنے کا حکم

تاہم 1979 میں ریلیز ہوئی پاکستان کی تاریخ کی سپر ہٹ فلم ''مولا جٹ'' کے پروڈیوسراور باہو فلمز کارپوریشن کے سی ای او سرور بھٹی کی جانب سے ''دی لیجنڈ آف مولا جٹ'' کے ہدایت کار بلال لاشاری اور پروڈیوسر عمارہ حکمت پر کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ نئی فلم بنانے کے لیے ان کی رضامندی نہیں لی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ یہ فلم گزشتہ دو برسوں سے قانونی تنازعات کا شکار تھی لیکن عمارہ حکمت کے بقول اب ان کی فلم کے خلاف تمام قانونی کیسز واپس لے لیے گئے ہیں۔


یہ بھی پڑھیں: 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' نیٹ فلیکس پر

ایک مقامی ویب سائٹ کے مطابق پروڈیوسر سرور بھٹی کا مقدمات واپس لینے کے حوالے سے کہنا ہے کہ انہوں نے تمام چیزوں کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔ عمارہ حکمت اور بلال لاشاری میرے بچوں کی طرح ہیں۔ کسی نے انہیں گمراہ کیا تھا بہرحال تمام بچے غلطیاں کرتے ہیں لیکن اب میں نے ان تمام چیزوں کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔

سرور بھٹی نے مزید کہا میں نے یہ سینما کی بحالی اور پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے کیا ہے۔ میں اب ''دی لیجنڈ آف مولاجٹ'' کی ریلیز میں رکاوٹ نہیں بنوں گا۔ عمارہ حکمت اوربلال لاشاری اس فلم کوعید الفطر پر یا جب وہ چاہیں ریلیز کرسکتے ہیں میں ان کی حمایت کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان اپنی سالگرہ پر ''دی لیجنڈ آف مولا جٹ'' ریلیز کرنے کی خواہاں

واضح رہے کہ 1979 میں فلم 'مولا جٹ' ریلیز ہوئی تھی جس نے نہ صرف کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے بلکہ فلم کو آج تک پاکستان فلم انڈسٹری کی کامیاب ترین فلم قرار دیا جاتا ہے، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے نامور ہدایت کار بلال لاشاری نے'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' بنانے کا فیصلہ کیا جس میں اداکارہ ماہرہ خان، فواد خان اور حمزہ علی عباسی مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم میں فواد خان یادگارکردار مولا جٹ اور حمزہ علی عباسی نوری نتھ کے کردار میں نظر آئیں گے۔

https://www.youtube.com/watch?v=sBWdUf7wfaE&feature=emb_logo
Load Next Story