الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی انتخابات میں توسیع کی درخواست مسترد کردی

سندھ حکومت کی جانب سےالیکشن کمیشن سےبلدیاتی انتخابات مارچ میں یا پنجاب کے ساتھ 30 جنوری کو کرانے کی درخواست کی گئی تھی


ویب ڈیسک November 19, 2013
الیکشن کمیشن بلوچستان اور پنجاب حکومت کی بھی بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست مستردکرچکا ہے۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں توسیع کی درخواست مسترد کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں بلدیاتی انتخابات پرصوبوں سےمشاورت کے لئے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات مارچ میں یا پنجاب کے ساتھ 30 جنوری کو کرانے کی درخواست کی گئی تاہم الیکشن کمیشن نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے سندھ میں بلدیاتی انتخابات مجوزہ شیڈول کے مطابق 18 جنوری کو ہی کرانے کا حکم دیا۔ اس سے قبل بلوچستان اور پنجاب حکومت کی جانب سے بھی بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست کی گئی تھی جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتےہوئے ڈی جی الیکشن کمیشن سید شیر افگن کا کہنا تھاکہ سندھ میں 18 جنوری جب کہ پنجاب میں 30 جنوری کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ دونوں صوبوں کو قوانین اور طریقہ کار واضح کرنے کے لئے 28 نومبر تک کا وقت دیا ہے، الیکشن کمیشن 29 نومبر کو بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرے گا۔ شیر افگن کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی پراعتراضات 14 دسمبر کو داخل ہوں گے اور امیدواروں کی اسکروٹنی 15 سے 19 دسمبر تک ہوگی جب کہ 20 اور 21 دسمبر کو اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔ ڈی جی الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کیلئے 11 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنے کا حکم دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔