زمان ٹاؤن تھانے میں پراسرار آتشزدگی سرکاری ریکارڈ خاکستر

آگ نے تھانے سے متصل مکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا، ایس ایس پی ایسٹ نے تھانے میں آتشزدگی کی رپورٹ طلب کرلی


Staff Reporter November 20, 2013
شارٹ سرکٹ سے آگ لگی، 29 موٹرسائیکلیں اور سرکاری ریکارڈ جل گیا، ایس ایچ او، سرکاری ریکارڈ محفوظ رہا، ایس پی کورنگی. فوٹو؛ فائل

زمان ٹاؤن تھانے میں پراسرار آتشزدگی کے واقعے میں تھانے میں کھڑی2درجن سے زائد موٹرسائیکلیں اور سرکاری ریکارڈ جل گیا۔

تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کے مال خانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ نے شدت اختیار کرتے ہوئے تھانے سے متصل مکان نمبر N-504 کو لپیٹ میں لے لیا، فائر بریگیڈ عملے نے فوراً مکان میں لگنے والی آگ کو بجھا دیا ، تھانے میں واقع مال خانے میں لگنے والی آگ پر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابوپا لیا گیا ، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث مال خانے میں موجود29 موٹر سائیکلیں اور سرکاری ریکارڈ جل گیا، ایس ایچ او زمان ٹاؤن امیر بخش نے ایکسپریس کو بتایا کہ تھانے میں قائم مال خانے کی چھت لکڑی سے بنی ہوئی ہے بجلی کے تاروں میں شارٹ سرکٹ ہوتے ہی لکڑی نے آگ پکڑ لی۔



دیکھتے ہی دیکھتے آگ پورے مال خانے میں پھیل گئی انھوں نے بتایا کہ فوری طور پر نقصان کا اندازہ نہیں ہوسکا ،ایس پی کورنگی عثمان باجوا کا کہنا ہے کہ زمان ٹاؤن تھانے میں آتشزدگی کا واقعہ مال خانے میں نہیں بلکہ تھانے میں قائم ایک کمرے میں پیش آیا ہے جہاں پولیس اہلکار الیکٹرک ہیٹر سے چائے بنانے میں مصروف تھے کہ اسی دوران شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی، انھوں نے بتایا کہ آتشزدگی کا معمولی نقصان ہوا ،سرکاری ریکارڈ مکمل طور پر محفوظ رہا،ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے زمان ٹاؤن تھانے میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل تفصیلات اور آگ لگنے کی وجوہات کی رپورٹ طلب کرلی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں