دبئی میں فون پر انعام کا جھانسہ دے کر لوٹنے والا گروہ گرفتار

انعامی اسکیم فراڈ کیس میں ملوث دو ایشیائی گروہوں کے 28 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے، دبئی پولیس چیف


ویب ڈیسک February 12, 2020
گروہ کے سرغنہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب کہ وہ ملک سے فرار ہورہا تھا، دبئی پولیس چیف۔ فوٹو بشکریہ امارات ٹوڈے

پولیس نے ٹیلی فون پر انعامی اسکیم فراڈ کیس میں ملوث گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دبئی پولیس نے ٹیلی فون پر انعام کا جھانسہ دے کر عوام کو لوٹنے پر گروہ گرفتار کرلیا ہے، جب کہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر گروہ کے سرغنہ کی ملک سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔

دبئی پولیس کے چیف کرنل سہیل الراشدی نے گروہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ انعامی اسکیم فراڈ کیس میں ملوث دو ایشیائی گروہوں کے 28 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے، اور ان ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے سرغنہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب کہ وہ ملک سے فرار ہونے کے لئے ایئرپورٹ پہنچ چکا تھا۔

پولیس چیف کا کہنا تھا کہ عوام الناس کو متعدد بار متنبہ کیا جاچکا ہے کہ وہ انعام کی لالچ دینے والے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی طور پر ایسی کال کا جواب نہ دیں جس میں بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات یا دیگر معلومات پوچھی جاتی ہیں، اور اسی کالز سے متعلق فی الفور پولیس کو مطلع کیا جائے۔

واضح رہے کہ انعامی فراڈ میں جعل سازون نے سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کا استعمال شروع کررکھا ہے، اس سے قبل دھوکے باز افراد موبائل سم کے خفیہ سریل نمبر اور دیگر معلومات بتاکر بھولے بھالے افراد کو لوٹ رہے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔