سوشل میڈیا پر لوگوں کی عزت تار تار ہورہی ہےاسی لیے ریگولیٹ کیا فواد چوہدری

پی پی اور ن لیگ نے 30 سال حکومت کی اب 5 سال کسی اور کو بھی برداشت کرلیں، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی


ویب ڈیسک February 13, 2020
سوشل میڈیا پر 20،25 ہزار روپے میں چند لوگ ٹرینڈ بناتے ہیں، فواد چوہدری۔ فوٹو: فائل

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ دوسروں کی عزت تار تار کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال ہورہا ہے لہذا اسے ریگولیٹ کرنا بہت ضروری تھا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نیب کو انتظامی کنٹرول ہمارے پاس نہیں ہے، اپوزیشن اراکین پر کرپشن کے الزامات ہم نے نہیں لگائے، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے خلاف کیسز بھی (ن) لیگ نے بنائے تاہم احتساب کے عمل میں اگر سقم ہے تو اس پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہوتاہے، پارلیمنٹ میں ذاتیات پر اتر آئیں گے تو ماحول خراب ہوگا، نیب کے قانون پر (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی آپس میں لڑ رہے ہیں، اپوزیشن احتساب کے قانون میں ترمیم چاہتی ہے تو مذاکرات کے لیے تیار ہیں، پی پی اور ن لیگ نے 30 سال حکومت کی اب 5 سال کسی اور کو بھی برداشت کرلیں۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ کل مشیر خزانہ نے پارلیمنٹ میں بڑی جامع تقریر کی جب کہ اپوزیشن نے آٹے اور چینی کے بحران پر بھی کوئی مثبت بات نہیں کی، آج ایل این جی ڈبل پیسوں پر شاہد خاقان عباسی کے 15 سالہ معاہدہ کی وجہ سے خرید رہے ہیں۔

بعد ازاں قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنا بہت ضروری تھا، دوسروں کی عزت تار تار کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال ہورہا ہے، 20،25 ہزار روپے میں چند لوگ ٹرینڈ بناتے ہیں اور معاملہ خراب کرتے ہیں، خواتین اور ناموس رسالت کے حوالے سے بھی حکومتی اقدام ضروری تھا، عام صارف کو ریگولیشن سے کوئی فرق نہیں پڑے گا تاہم فیک اکاؤنٹس والوں کو پریشانی ضرور ہوگی اور دنیا کی بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں پر ناموس رسالت کے حوالے سے ہمارا کنٹرول بڑھ جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں