پاکستان کوعراق کے سرکاری شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

عراقی سفیرکی وفاقی وزیر صنعت سے ملاقات، صنعتی وتجارتی تعاون کے فروغ پر گفتگو۔

پاکستان عراقی کمپنیوں سے اشتراک کیلیے تیارہے،نجی شعبے کوبھی ترغیب دیں گے،مرتضیٰ جتوئی فوٹو: این این آئی۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے کہ پاکستان عراقی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کے لیے تیار ہے، اس سلسلے میں پاکستان کے نجی صنعتی شعبے کو بھی ترغیب دی جائے گی کہ وہ عراق میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات عراقی سفیر ڈاکٹر رشدی ال آنی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان صنعتی وتجارتی تعاون اور باہمی تعلقات کے فروغ کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ عراقی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے لیے عراق میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع ہیں، پاکستان عراقی وزارت صنعت کے تحت چلنے والی 300 سرکاری کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرے، عراقی حکومت پاکستانی سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرے گی۔




عراق میں پٹرولیم، عمارت سازی، سیمنٹ، زراعت ،لائیو اسٹاک اور تیل سے متعلق صنعت میں سرمایہ کاری کے بے تحاشہ مواقع موجود ہیں، متعدد پاکستانی انجینئرز اور ڈاکٹرز عراق میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور عراقی عوام انہیں بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

عراقی سفیر نے کہا کہ موجودہ پاکستانی حکومت کی معاشی پالیسیاں سرمایہ کاری کے لیے بے حد موزوں ہیں اور وہ پر امید ہیں کہ بہت جلد پاکستان ایک خوشحال ملک بن جائے گا۔عراقی سفیر نے کہا کہ عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر دسمبر کے پہلے ہفتے میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کریں گے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے۔
Load Next Story