پولیس کیلیے ایک ارب روپے سے اسلحہ اور جدید آلات خریدے جائینگے

بلٹ پروف جیکٹ کے علاوہ بلٹ پروف ہیلمٹ ،گشت کے لیے موٹر سائیکلیں اور دیگر گاڑیاں بھی خریدی جائیں گی،ذرائع


Raheel Salman November 21, 2013
موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی سے رابطہ کرلیا گیا ، ایک ارب روپے چند روز قبل ہی سندھ پولیس کو جاری کیے گئے ہیں فوٹو: فائل

ISLAMABAD: سندھ پولیس کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اسلحہ ، گاڑیاں اور جدید آلات خریدنے کا عمل شروع کردیا گیا۔

بلٹ پروف جیکٹ کے علاوہ بلٹ پروف ہیلمٹ بھی خریدے جائیں گے ، مذکورہ خریداری حال ہی میں سندھ پولیس کو سابق صدر مملکت کی جانب سے کراچی پیکیج کے تحت ڈھائی ارب میں سے جاری کردہ ایک ارب روپے سے کی جائے گی ، تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کو جدید اسلحے اور آلات سے لیس کرنے کے لیے اسلحے کی خریداری کا عمل شروع کردیا گیا، ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ اس سلسلے میں 5 ہزار ایس ایم جی ، ایک ہزار 300 نائن ایم ایم پستول ، 100 اسنائپر رائفل ، 500 گیس گن ، 40 ہزار آنسو گیس کے شیل، ڈھائی ہزار سے زائد شاٹ گن ، 2 ہزار لائٹ مشین گن ، 20 مختلف اقسام کی مشین گنیں ، لاکھوں کی تعداد میں مختلف راؤنڈز اور گولہ بارود بھی خریدا جائے گا۔



جدید آلات خریدنے کی غرض سے ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے سامان (ANTI RIOT KIT) کی ایک ہزار 300 کٹس بھی خریدی جائیں گی، 26 ہینڈی کیم ، ایک سو سے زائد میگا فون جبکہ5ہزار بلٹ پروف جیکٹس کے علاوہ 7 ہزار بلٹ پروف ہیلمٹ بھی سندھ پولیس کے لیے خریدے جائیں گے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی پیکیج کے تحت 5 ارب روپے کا اعلان کیا تھا جس میں سے ڈھائی ارب صوبائی اور ڈھائی ارب روپے وفاقی حکومت نے دینے تھے۔

صوبائی حکومت نے ڈھائی ارب روپے ادا کردیے تھے جبکہ وفاق نے بھی تقریباً ڈیڑھ ارب روپے ادا کیے تھے ، ایک ارب روپے باقی تھے جوکہ چند روز قبل ہی سندھ پولیس کو جاری کیے گئے ہیں، مذکورہ اسلحے اور آلات کی خریداری اسی ایک ارب روپے سے کی جائیں گی ، ذرائع نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ مذکورہ رقم سے پولیس گشت کے لیے موٹر سائیکلیں اور دیگر بھی خریدی جائیں گی ، اس سلسلے میں موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی سے بھی رابطہ کرلیا گیا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں