ایم اے جناح روڈ پر رکھے کنٹینروں سے شہری پریشان ہوگئے

اطراف کی کئی سڑکیں بند، سول اسپتال آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا۔


Staff Reporter November 21, 2013
سیکیورٹی اقدامات کے تحت رکھے گئے کنٹینرنہ ہٹانے سے ٹریفک کی روانی مثاثر، راہگیروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

یوم عاشور پر سیکیورٹی اقدامات کے تحت ایم اے جناح روڈ اور اس سے متصل سڑکوں پر لگائے گئے بیشتر کنٹینرز اٹھائے نہیں جاسکے ۔

جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے ، متصل سڑکوں سے ایم اے جناح روڈ آنے اور جانے والے پریشانی کا شکار ہیں ، ایم اے جناح روڈ سے سول اسپتال جانے والی سڑک پر رکھے 2کنٹینر کے باعث مریضوں کو اسپتال تک پہنچنے میں انتہائی مشکلات کا سامناہے ، کنٹینرز فوری طور پر ہٹائے جائیں ، تفصیلات کے مطابق یوم عاشور پر سیکیورٹی اقدامات سخت کرنے کی غرض سے پولیس کی جانب سے ایم اے جناح روڈ کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا تھا ، یوم عاشور گزر جانے کے بعد بھی بیشتر کنٹینرز تاحال سڑکوں پررکھے ہیں۔

جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے، شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،شہریوںکوایم اے جناح روڈ سے متصل سڑکوں سے مرکزی شاہراہ پر آنے اور جانے میں شدید دشواری ہے، شاہراہ پر بھی بعض مقامات پر کنٹینرز کچھ اس انداز میں رکھے ہوئے ہیں جوکہ ٹریفک کی روانی میں خلل کا باعث بن رہے ہیں،جامع کلاتھ کے قریب سول اسپتال کی جانب جانے والے راستے پر بھی کنٹینرز اب تک نہیں ہٹائے گئے۔



دوکنٹینرز کی وجہ سے سڑک پر سے ایک وقت میں صرف ایک ہی گاڑی گزرنے کی جگہ باقی بچی ہے جس کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے،سول اسپتال جیسے حساس مقام پر ہمہ وقت مریضوں ، تیمارداروں اور دیگر افراد کی آمدورفت جاری رہتی ہے لیکن اس کے باوجود اب تک کنٹینرز موجود ہیں۔

کنٹینرز کے باعث سول اسپتال پہنچنے والے مریضوںکو بھی تاخیر کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کے باعث انھیں طبی امداد بھی دیر سے ملتی ہے،نمائش چورنگی سے میری ویدر ٹاور تک ایم اے جناح روڈ پر بیشتر سرکاری و نجی اسپتال ، تجارتی مراکز ، اسکول اور دکانیں قائم ہیں جس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ انتہائی مصروف ترین سڑک ہے لیکن اس کے باوجود حکام نے اب تک تمام کنٹینرز نہیں ہٹائے جس کا خمیازہ شہریوں کو ٹریفک جام کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے ، شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کررہے ہیں ، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ایم اے جناح روڈ سے تمام کنٹینرز اٹھانے کے احکام جاری کریں تاکہ انھیں ٹریفک جام کی صورتحال سے چھٹکارا مل سکے،شہریوں کومشکلات سے دوچار کرنیوالے افسران کیخلاف کارروائی کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں