گلستان جوہر نجی اسپتال میں آتشزدگی دھویں سے مریضوں کی حالت غیر

آگ اسپتال کے تہہ خانے میں شارٹ سر کٹ کے باعث لگی، مریضوں کو باہر جانے سے روکنے کیلیے دروازے بند کردیے گئے


Staff Reporter November 21, 2013
اسپتال انتظامیہ کا ذرائع ابلاغ کے نمائندوں پرتشدد،کیمرے بھی توڑ دیے،پولیس نے اسپتال کے2ملازمین کو حراست میں لے لیا ۔ فوٹو : راشد اجمیری / ایکسپریس

گلستان جوہر میں مقامی اسپتال کے بیسمنٹ میں آتشزدگی کے باعث اسپتال میں دھواں بھرجانے سے کئی مریضوں کی حالت غیر ہوگئی۔

کوریج کرنے جانے والے میڈیا کے نمائندوںکو اسپتال انتظامیہ نے کوریج سے روکتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا ، تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر چورنگی کے قریب واقع مقامی اسپتال کے تہہ خانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ،اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ، پولیس ، رینجرز اور رضا کار تنظیموں کے نمائندے موقع پر پہنچ گئے،اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کی کوریج کرنے کیلیے میڈیا کے نمائندے بھی پہنچ گئے، آتشزدگی کے باعث اسپتال میں دھواں بھرگیا جس کے باعث اسپتال میں موجود کئی مریضوں ، ان کے تیمارداروں اور اسپتال کے عملے کی حالت غیر ہوگئی،آتشزدگی کے باعث مریضوں کے تیمارداروں نے اپنے مریضوں کے ہمراہ باہر جانا چاہا تو اسپتال انتظامیہ نے اسپتال کا مرکزی دروازہ بندکردیا۔



میڈیا کے نمائندوں نے آتشزدگی سے اسپتال میں پیدا ہونے والی صورتحال کی کوریج کرنا چاہی تو اسپتال انتظامیہ نے میڈیا کوکوریج سے روک دیا،کیمرا مینوں اورصحافیوںکو تشدد کا نشانہ بنایا ،کیمروں اور ٹرائے پورٹ چھین لیے،صحافیوں اور کیمرا مینوں نے اسپتال انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا ،جس پر پولیس حرکت میں آئی اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے صحافیوں کی نشاندہی پر تشدد کا نشانہ بنانے والے اسپتال کے2 ملازمین کو حراست میں لے لیا جس پر صحافیوں اور کیمرامینوں نے احتجاج ختم کردیا ، فائر بریگیڈ حکام نے ایکسپریس کو بتایا کہ فائر بریگیڈ نے اسپتال کے بیسمنٹ میں لگنے والی آگ پر تقریباً ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا، انھوں نے بتایا کہ آگ شارٹ سر کٹ کے باعث لگی اور آتشزدگی کے باعث بیسمنٹ میں موجود اسپتال کا پرانا ریکارڈ جل گیا، آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں