پی ایس ایل میں اب اردو کمنٹری بھی نشر کی جائے گی

میچ کے دوران ہر اننگز میں 5 اوورز کی اردو میں کمنٹری ہوگی


ویب ڈیسک February 15, 2020
پی سی بی نےایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان بھی کردیا فوٹو: فائل

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کی قومی زبان "اردو" میں کمنٹری نشر کی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کے مداحوں کو کھیل سے جوڑے رکھنے کے لیے ٹیلی ویژن میچ کی براہِ راست نشریات کے دوران انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں رواں تبصروں کا بھی اہتمام کیا ہے۔‏ اس حوالے سے رمیز راجہ، بازید خان، وقار یونس اور عروج ممتاز اردو میں کمنٹری کریں گے۔ سابق کھلاڑیوں پر مشتمل یہ کمنٹری پینل ناظرین کو میچ کے دوران ہر اننگز میں 5 اوورز تک اردو میں کمنٹری فراہم کریں گے، جو مقامی چینلز پر نشر ہوگی۔

علاوہ ازیں، پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کےآخری تین میچوں کے دوران اسپائیڈر کیم کے ذریعے کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز کے درمیان رابطہ بھی آن فیلڈ ایکشن کے ذریعے شائقین کرکٹ کو ٹی وی اسکرینز سےجڑے رہنے پر مجبور کرے گا۔ اس دوران گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی، کمنٹری باکس میں موجود کمنٹیٹر سے محو گفتگو ہوگا۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کی براڈ کاسٹ کوریج کے دوران کُل 28 کیمراز کا استعمال کیا جائے گا جس میں سپر سلو اور الٹرا موشن کیمراز بھی شامل ہیں۔ لیگ کے دوران اسپائیڈر کیم اور ہاک آئی بال ٹریکنگ کا نظام چاروں شہروں، کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچوں کے دوران دستیاب ہوگا۔

اس حوالے سے پی سی بی نےایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان بھی کردیا ہے۔آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے سابق کرکٹر ڈرک نینِز،جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر ایچ ڈی ایکرمن، انگلینڈ کے سابق کرکٹر مارک بُچر، ڈومِنک کورک اور جنوبی افریقہ کی خاتون کمنٹیٹر کاس نائیڈو پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کمنٹری کریں گے۔ دوسری جانب ڈینی موریسن، مائیکل سلیٹر، ایلن ولکنز اورجونٹی رھوڈز کو کمنٹری پینل میں برقرار رکھا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں