لکی مروت میں ایک ہی روز میں پولیو کے4 نئے کیسز سامنے آگئے

رواں سال صوبے سے رپورٹ ہونے والے 10 متاثرہ کیسز میں 9 کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے، رپورٹ

صوبے سے رپورٹ ہونے والے 10 متاثرہ کیسز میں 9 کیسز کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے، رپورٹ فوٹوفائل

ضلع لکی مروت میں ایک ہی روز میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد بڑھ کر 10 ہوگئی ہے۔

قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے متاثرہ بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کی ہے۔ پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر سے جاری رپورٹ کے مطابق لکی مروت کی تحصیل بیٹنی کی یونین کونسل غنڈئی حسن خیل کے 22 ماہ کے بچے اور یونین کونسل کوٹکہ عرب خان کی 18ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔


مزکورہ بچوں نے روٹین ایمونائزیشن میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پیئے تھے۔ جبکہ متاثرہ بچی کا تعلق انکاری خاندان سے بتایا جاتا ہے۔ اسی طرح لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کی یونین کونسل بخمل احمد زئی کے 17ماہ کے بچے اور یونین کونسل ابا خیل کی 11ماہ کی بچی میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی ہے۔

پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق رواں سال صوبے سے رپورٹ ہونے والے 10 متاثرہ کیسز میں 9 کیسز کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے، جبکہ ایک متاثرہ کیس ضلع ٹانک سے رپورٹ ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے خیبر پختونخوا کے علاوہ صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین سے بھی ایک نیا پولیو سے متاثرہ کیس رپورٹ کیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 17ہوگئی ہے۔
Load Next Story